کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہو گئی
- ہفتہ 07 / مارچ / 2020
- 4600
کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ کر گئی ہے۔ عالمی ادارۂ صحت نے اس مہلک وبا کے پھیلاؤ کو انتہائی پریشان کن قرار دیا ہے۔
کرونا وائرس سے اب تک لگ بھگ 3500 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ یہ مہلک وبا دنیا کے 92 ممالک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو کے ساحل پر لنگر انداز ایک تفریحی بحری جہاز میں سوار 21 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ تفریحی بحری جہاز اسی کمپنی 'پرنسس کروز شپ' کا ہے جس کے ایک اور جہاز 'ڈائمنڈ پرنسس' کو گزشتہ ماہ جاپان کے ساحل پر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ اس میں سوار 3700 مسافروں میں سے تقریباً 700 بیماری کے متاثرین نکلے تھے۔
سان فرانسسکو کے ساحل پر یہ جہاز بدھ سے موجود ہے جس میں سوار تمام افراد کو جہاز میں ہی رکھا گیا ہے۔ امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ جہاز پر سوار تمام 3533 مسافروں اور عملے کے ٹیسٹس کیے جائیں گے۔
وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ پر عالمی ادارۂ صحت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کو دیگر تمام اقدامات پر فوقیت دیں۔ جمعہ کو سلواکیا، سربیا، ویٹی کن، پیرو اور کیمرون میں کرونا وائرس کے پہلے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ نیدرلینڈ میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔
دوسری جانب چین میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ ہفتے کو ملک بھر میں جو نئے کیسز رپورٹ ہوئے وہ گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے کم تعداد ہے۔ چینی حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ جلد صوبہ ہوبے سے قرنطینہ اٹھا لیا جائے گا۔ قرنطینہ کے نفاذ کے بعد پانچ کروڑ سے زائد آبادی والا صوبہ ہوبے تاحال مکمل طور پر بند ہے۔
ہوبے کے شہر ووہان کے علاوہ پورے صوبے میں گزشتہ دو روز کے دوران کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا ۔ خیال رہے کہ ہوبے چین کا وہی صوبہ ہے جہاں سے شروع ہونے والا کرونا وائرس پوری دنیا میں پھیل گیا ہے۔
اس دوران سعودی عرب نے کورونا وائرس کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین سے زمینی روابط محدود کردیے ہیں۔ ان 3 خلیجی پڑوسیوں سے صرف کمرشل ٹرکوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ اب مقامی لوگوں کو حرم مکہ معظمہ میں مطاف کو طواف کرنے والوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ تاہم عمرہ کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔