چین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی عمارت گرنے سے 10 افراد ہلاک
- اتوار 08 / مارچ / 2020
- 5460
مشرقی چین میں ہوٹل کی چھت گرنے سے کم سے کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہوٹل کو کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کے لیے قرنطنیہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق جنوبی صوبے فوجیان کے شینجیا ہوٹل کے ملبے سے 48 افراد کو نکالا گیا۔ تاہم 10 افراد جاں بر نہیں ہوسکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ساحلی شہر کونزو کی عمارت کو کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ ہوٹل کی عمارت میں اُن مریضوں کر رکھا گیا تھا جن کا حال ہی میں کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں سے میل جول رہا تھا۔
ہوٹل کی پہلی منزل پر تعمیر و مرمت کا کام جاری تھا۔ اطلاعات کے مطابق جب عمارت گری اس میں 71 افراد موجود تھے۔ البتہ عمارت گرنے کی فوری وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں لگ بھگ 800 کارکن حصہ لے رہے ہیں۔ مقامی پولیس نے ہوٹل کے مالک کو طلب کر کے ہوٹل کے تعمیراتی معیار کے حوالے سے پوچھ گچھ کی ہے۔
چین میں کرونا وائرس کے باعث مشتبہ مریضوں کی دیکھ بھال اور وائرس کی تشخیص کے لیے اُنہیں الگ تھلگ رکھا جاتا ہے۔ اس حوالے سے مختلف مقامات پر قرنطینہ بنائے گئے ہیں۔ جہاں مریضوں کو 14 روز تک رکھا جاتا ہے۔
چین میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کم ہو رہے ہیں، لیکن یورپ کے علاوہ دُنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔