ڈیرہ اسماعیل خان: دہشت گردوں سے مقابلہ میں پاک فوج کے کرنل شہید

  • سوموار 09 / مارچ / 2020
  • 6110

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی سے متعلق خفیہ معلومات پر سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا۔ جیسے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا، دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہوگئے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔  کرنل مجیب الرحمٰن کا تعلق ضلع استور کے علاقے بنجی سے تھا اور انہوں نے سوگواران میں بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمٰن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دے کر دہشت گردی کو ختم کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کی تعریف کی۔ عمران خان نے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمٰن کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری قوم مسلح فورسز اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے اور امن بحال ہے۔