پاکستان میں مجموعی تعداد 19 ہوگئی، ایران میں مزید 54 افراد ہلاک
- منگل 10 / مارچ / 2020
- 4190
صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز جبکہ کوئٹہ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی۔
کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر نور اللہ موسیٰ خیل نے زیر علاج 12 سال کے بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ بچہ والدین کے ساتھ تفتان سے کوئٹہ پہنچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچے کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے ہے جبکہ اس کے والدین میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔
محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کی جانب سے 2 نئے کیسز کے بارے میں بتایا گیا کہ پہلا کیس حیدر آباد سے جبکہ دوسرا کیس کراچی سے سامنے آیا ہے۔ حیدرآباد میں جس مریض میں کیس سامنے آیا وہ شام سے براستہ دوحہ آیا تھا جبکہ دوسرا مریض ایران سے براستہ دبئی پاکستان پہنچا تھا۔
اس وقت سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد اب تک 15 جبکہ ملک میں تعداد 19 ہوگئی ہے۔ ایک مریض صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوچکا ہے۔ دوسری جانب اینگرو کمپنی کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ ان کے ایک ملازم کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کرونا وائرس کے شکار بیشتر افراد ایران یا شام کا سفر کر کے سندھ پہنچے ہیں۔ اس سے قبل محکمہ صحت کی ترجمان نے بتایا تھا کہ کرونا وائرس کے شکار چھ ایسے مریض ہیں جو حال ہی میں شام کے سفر کے بعد واپس پہنچے ہیں۔ اسی طرح تین ایسے مریضوں میں بھی اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے جو براستہ دبئی لندن سے آئے ہیں۔
ان تمام مریضوں کے نمونے مثبت آنے کے بعد اُن کا علاج شروع کر دیا گیا ہے، جب کہ ان افراد کے اہل خانہ کو بھی قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ صوبے میں سب سے پہلے اس مرض کا شکار ہو کر سامنے آنے والا 22 سالہ طالب علم ہفتے کو صحتیاب ہو کر ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے بنائی گئی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں تمام سرکاری اور نجی اسپتال کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان تمام مریضوں کا ریکارڈ شیئر کریں جو اُن کے پاس نمونیا کی علامات کے ساتھ علاج کے لیے آتے ہیں، تاکہ ان کی کرونا وائرس پر مشتمل مزید طبی تحقیقات کی جا سکے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ، عثمان چاچڑ نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کی اس تجویز سے اتفاق کیا ہے کہ ہر بین الاقوامی مسافر کو ہیلتھ کارڈ/ سفری اعلامیہ جاری کیا جائے، تاکہ ان کی ضروری اسکریننگ کا ریکارڈر رکھا جا سکے۔ مسافروں کو ڈیکلیئریشن میں اپنے گزشتہ 14 دنوں کے سفر کے حوالے سے ریکارڈ کرنا ہوگا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اب تک سندھ میں 135 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ان میں سے 112 کو منفی قرار دیا گیا ہے، 16 کے ٹیسٹ مثبت جب کہ سات کے نتائج آنا باقی ہیں۔ اس وقت ایران اور شام سے سندھ میں آنے والے 230 زائرین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ان میں سے 63 افراد 10 مارچ کو اپنے آئیسولیشن کی مدت مکمل کر لیں گے۔ 25 افراد 11 مارچ کو اور 34 افراد 12 مارچ کو آئیسولیشن کی مدت مکمل کریں گے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کراچی اور سکھر کے اہم سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کئے گئے ہیں جبکہ ایسے مریضوں کی تعداد بڑھنے پر انہیں شہر سے باہر ایک ہی ہسپتال میں منتقل کرنے کے اقدامات بھی مکمل ہیں۔ اس خطرناک وائرس سے نمٹنے کے لئے سندھ حکومت نے ابتدائی طور پر 10 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے
ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 54 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایران میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 8042 ہے جن میں 2731 صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 291 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
برٹش ایئرویز نے اٹلی سے اور اٹلی کے لیے اپنی تمام پروازیں چار اپریل تک منسوخ کرنے کے بعد اپنے تمام سٹاف کو ای میل کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر بغیر تنخواہ کے چھٹی لے لیں۔ دیگر ایئرلائنز نے بھی ایسے ہی اقدامات اٹھائے ہیں۔
دوسری طرف چین کے صدر شی جن پنگ نے ووہان شہر کا دورہ کیا ہے جہاں سے کورونا وائرس پھیلنا شروع ہوا تھا۔ چین حکام کے مطابق چین میں صورتحال قابو میں آچکی ہے۔ صدر شی جن پنگ نے ایسے وقت ووہان کا دورہ کر رہے ہیں جب چین میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم ترین سطح پر ہے ۔ منگل کے روز چین میں صرف 19 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی اور ان تمام کا تعلق ووہان سے ہے۔ ان میں دو ایسے مریض بھی ہیں جو بیرون ملک سے ووہان لوٹے تھے۔
چین میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 80,754 ہے اور وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3,136 ہے۔ جب سے کورونا وائرس پھیلا ہے یہ چینی صدر کا ووہان شہر کا پہلا دورہ ہے۔ چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کا دورہ کیا ہے۔