کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار
- جمعہ 13 / مارچ / 2020
- 5510
کورونا وائرس نے کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔ وزیرِ اعظم کے دفتر سے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ میں وائرس تصدیق ہوئی ہے۔ البتہ کینیڈین وزیرِ اعظم بالکل صحت مند ہیں۔
کینیڈین وزیرِ اعظم اور ان کی 44 سالہ اہلیہ نے خود کو آئسولیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹروڈو کی اہلیہ صوفی گریگوائر ٹروڈو میں کرونا وائرس کی تشخیص ایک عوامی اجتماع میں شرکت کے بعد ہوئی ہے۔ وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوفی گریگوائر میں 'کووڈ 19' کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وہ صحت یابی تک آئسولیشن میں رہیں گی اور ان کی بیماری کم درجے کی ہے۔ جسٹن ٹروڈو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم آئسلولیشن کے دوران بھی اپنے روز مرہ کے کام جاری رکھیں گے اور ہفتے کو وہ قوم سے خطاب بھی کریں گے۔
کینیڈا کی چھ ریاستوں میں اب تک مجموعی طور پر 150 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور ایک شخص ہلاک ہؤا ہے۔ حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت عوامی اجتماعات اور کھیلوں کے مقابلے منسوخ کر دیے ہیں۔ ٹروڈو کی اہلیہ صوفی گریگوائر ٹروڈو کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ کورونا وائرس کی علامات محسوس کر رہی ہیں۔ لیکن وہ بہت جلد صحتیاب ہو جائیں گی۔
کورونا وائرس کی وبا دسمبر کے اواخر میں چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوئی تھی۔ اس مہلک وبا سے اب تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور یہ وائرس 116 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ کورونا وائرس سے پانچ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے کہ اس کا نشانہ بننے والوں میں کئی نامور شخصیات بھی شامل ہیں۔ گزشتہ روز آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کو 'کووڈ 19' کا نام دیا گیا ہےدنیا بھر میں اس وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف کوششیں کی جا رہی ہیں جن میں شہروں کو بند کرنا، قرنطینہ مراکز بنانا اور عوامی اجتماعات پر پابندیاں بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ چین سے شروع ہوا تھا لیکن اب چین میں کووڈ 19 کے کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ جب کہ امریکہ اور یورپی ممالک میں یہ مہلک وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے متعدد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 2 مریض صحت یابی کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ کورونا وائرس کے خدشے کے بعد پی سی بی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے ملک روانہ ہونے کی اجازت دے دی تھی۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کی ٹیموں میں شامل متعدد غیر ملکی کھلاڑی دست بردار ہو گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر تعلیمی ادارے 15 روز کے لیے بند کر دیے ہیں۔ صوبائی محکمہ صحت کی طرف سے صوبہ بھر کے اسپتالوں اور طبی مراکز میں ہنگامی بنیادوں پر کورونا وائرس سے متاثرہ یا مشتبہ مریضوں کے علاج معالجے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صوبے بھر میں سرکاری تقریبات اور عوامی اجتماعات پر پابندی ہے اور ہاسٹلوں میں رہائش پذیر تمام طلبہ کو بھی فوری طور پر ہاسٹلز خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ صوبے کے تمام جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔