کورونا وائرس کی وجہ سے امریکا میں قومی ایمرجنسی، ٹرمپ کا یوم دعا منانے کا اعلان

  • ہفتہ 14 / مارچ / 2020
  • 6050

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سرکاری و نجی وسائل اکٹھا کرکے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایمرجنسی نافذ کی ہے۔ انہوں نے اتوار کو قومی یومِ دعا منانے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر نے لاکھوں امریکیوں کی اسکریننگ کے لیے گوگل کی نئی ویب سائٹ بھی لانچ کردی۔ ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی مکمل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے میں باضابطہ طور پر قومی ایمرجنسی نافذ کرتا ہوں۔ وفاقی حکومت اس مقصد کے لئے  50 ارب ڈالر فراہم کرے گی۔ امریکی صدر کی جانب سے مقامی حکام کے لیے ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ کے لیے 40 ارب ڈالر جاری کئے گئے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ گوگل نے ابتدائی اسکریننگ کے لیے 17 سو سافٹ ویئر انجینئرز کو تعینات کردیا ہے۔ اس موقع پر امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے بتایا کہ امریکا کی 50 میں سے 46 ریاستوں میں نوول کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’بالخصوص خرابی صحت کی صورتحال والے بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال نہایت اہم ہے‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم اس خطرے پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے ہسپتالوں کو ہنگامی منصوبے تیار رکھنے کی ہدایت کردی۔ امریکی صدر نے بتایا کہ کوئی تحقیق چھوڑی نہیں جائے گی، ہم ہر رکاوٹ عبور کرلیں گے۔

دوسری جانب امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں اتوار 15 مارچ کو قومی یومِ دعا منانے کا اعلان بھی کیا۔ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم وہ ملک ہیں جس کی تاریخ رہی ہے کہ اس طرح کے وقت میں تحفظ اور مضبوطی کے لیے خدا کی جانب رجوع کرتے ہیں‘۔

خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 47 افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں جس سے عام عوام کی روز مزہ زندگیاں متاثر ہوئی ہیں۔  اس سے قبل امریکی صدر ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ  روکنے کے لئے یورپ سے امریکا کی پروازوں کو بند کرچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے 11 مارچ کو کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا۔ یہ وائرس اب تک 114 ممالک میں پھیل چکا ہے۔