کورونا وائرس کی وجہ سے سندھ میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا

  • اتوار 15 / مارچ / 2020
  • 4800

سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کورونا وائرس کی وجہ سے صوبے میں لاج ڈاؤن کی خبروں کو مسترد کیا ہے۔ سندھ میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر لاک ڈاؤن کی خبریں گردش کررہی تھیں۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ 'لاک ڈاؤن کی کوئی صورتحال ہے اور نہ ہی کوئی فکر مند ہونے والی بات ہے'۔ حکومت نے تمام حفاظتی اقدامات لے رکھے ہیں۔ سوشل میڈیا پر چند عناصر عوام سے راشن سٹور کرنےکا کہہ رہے ہیں جو غیر ضروری ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام چیف سیکریٹریز سے درخواست کی ہے کہ ایف آئی اے کو خط لکھیں اور ایسی افواہیں پھیلانے والے تمام افراد کے خلاف سائبر کرائم کے کیسز دائر کریں۔ انہوں نے کہا کہ 'عوام کو اعتماد ہونا چاہیے کہ حکومت کے پاس تمام مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے'۔

واضح رہے کہ چین سے سامنے آنے والے کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 169 افراد متاثر اور 5 ہزار 830 ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 73 ہزار 966 ہے۔

پاکستان میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اب تک وائرس کے 38 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 2 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی معاملے سے نمٹنے کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی گئی تھی جبکہ احتیاطی کے تحت تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔