پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 180 سے تجاوز کرگئی
- سوموار 16 / مارچ / 2020
- 4160
پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں کووڈ-19 کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 186 تک پہنچ گئی ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اتوار تک صرف 748 افراد کے ہی کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 186 افراد میں کووڈ-19 کی تشخیص ہو چکی ہے جن میں سے دو صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
کراچی میں صوبائی محکمۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں کووڈ-19 سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 115 ہے جن میں سے دو صحت یاب ہو چکے ہیں۔ قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں 11 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ حکومتِ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق تفتان سے سکھر آنے والے 50 افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔
ایوی ایشن ڈویژن کی ہدایت پر سول ایوی ایشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں مسافروں کے بیٹھنے کے لیے موجود کرسیاں ہٹا لی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔
ایران میں کورونا وائرس کے باعث پیر کو مزید 129 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 853 ہو گئی ہے۔ وائرس سے متاثرہ کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں میں ایران کے رہبر اعلٰی کے انتخاب کے لیے قائم مجلس کے رُکن 78 سالہ آیت اللہ ہاشم بھی شامل ہیں۔ ایران کے متعدد اراکین پارلیمنٹ، پاسدران انقلاب کے کمانڈر اور دیگر اہم شخصیات بھی کرونا وائرس کا شکار ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق وبا پھوٹنے کے بعد ایک ہی دن میں ہلاک ہونے والے کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لبنان کی حکومت نے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے جب کہ عراقی حکومت بھی کرفیوں کے نفاذ پر غور کر رہی ہے۔ عراق میں وزارتِ صحت کے حکام نے کورونا وائرس سے نو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جب کہ ملک بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 124 تک پہنچ گئی ہے۔
افغان طالبان نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر افغانستان کی جیلوں میں قید طالبان قیدیوں کی مناسب دیکھ بھال کا مطالبہ کیا ہے۔ طالبان کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اُنہیں جیلوں میں قید اپنے ساتھیوں کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے۔ لہذٰا صحت کی عالمی تنظیمیں اور دیگر ادارے ان قیدیوں کا اس وائرس سے تحفظ یقینی بنائیں۔ طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کی جیلوں میں اس وقت 40 ہزار قیدی ہیں اور انہیں صحت کی مناسب سہولتیں میسر نہیں ہیں۔
افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر کے ترجمان جاوید فیصل نے کہا ہے کہ افغان حکومت ملک بھر کی جیلوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی امدادی تنظیم (آئی سی آر سی) کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے مذہبی رہنماؤں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں اہم بات یہ تھی کہ اس میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مصافحہ کرنے سے گریز کیا گیا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک مختصر سی ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ کورونا وبا کے وقت وزیراعظم عمران خان اور مولانا طارق جمیل سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے رہنمائی کر رہے ہیں۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مصافحہ کرنے اور دیگر جسمانی رابطے سے گریز کرنا چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ایک ٹوئٹ میں 'وزیراعظم اور مولانا طارق جمیل کے قوم کے نام پیغام میں کہا گیا کہ جب کسی علاقے میں وبا پھیل جانے کا خطرہ ہو تو مصافحہ کرنے سے گریز کریں، اس بات کی اجازت دینِ اسلام بھی دیتا ہے، اللہ تمام مسلمانوں کی حفاظت کرے۔ اس سے قبل مولانا طارق جمیل کا یہ پیغام سوشل میدیا پر نشر ہؤا تھا کہ اس وائرس سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ موت برحق ہے اور وقت پر ہی آنی ہے۔