پاکستان میں کورونا کے 193 مریض، ایران نے 85 ہزار قیدی رہا کردیے
- منگل 17 / مارچ / 2020
- 3680
ملک بھر میں اب تک سامنے آنے والے کورونا کیسز کی تعداد 193 ہوگئی ہے جس میں سندھ کے 155، خیبرپختونخوا کے 15، بلوچستان کے 10، جبکہ گلگت بلتستان کے 5 کیسزشامل ہیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید پانچ مریض سامنے آ ئے ہیں۔ صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پانچ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان میں قائم قرنطینہ میں ایران سے آنے والے 42 زائرین میں سے پانچ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ مرکز میں 736 افراد کو رکھا گیا ہے۔ وزیرِ صحت نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ونئے مریض سامنے آنے کے بعد پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے جب کہ پاکستان بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 193 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب لاہور کے میو اسپتال میں زیرِ علاج کورونا وائرس کا ایک مریض ہلاک ہو گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض ایران سے آیا تھا جس میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئی تھیں۔
سندھ میں مزید 5 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 155 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ ملک میں مجموعی طور پر 193 لوگ وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
ایران کی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف جیلوں میں قید 85 ہزار قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ رہائی پانے والوں میں مختلف سیاسی قیدی بھی شامل ہیں۔ ایران میں عدلیہ کے ترجمان نے بتایا کہ عارضی بنیادوں پر رہائی پانے والوں میں سیکیورٹی سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں۔ ترجمان کے بقول کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جیلوں میں خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ایران کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندہ برائے انسانی حقوق نے 10 مارچ کو حکومت سے اپیل کی تھی کہ سیاسی بنیادوں پر جیلوں میں موجود قیدیوں کو رہا کیا جائے۔