نیا کورونا وائرس فضا میں گھنٹوں اور سطح پر کئی دنوں تک رہ سکتا ہے: تحقیق
- بدھ 18 / مارچ / 2020
- 4580
ایک نئی تحقیق کے مطابق نوول کورونا وائرس جو عالمی وبائی شکل اختیار کرچکا ہے، ہوا میں نمی کے اندر گھنٹوں اور سطح پر کئی دن برقرار رہ سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کا حصہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیئس ڈیزیز (این آئی اے آئی ڈٰی) کے سائنسدانوں نے ایک متاثرہ شخص سے لیے گئے وائرس کو گھریلو اشیا اور ہسپتال میں استعمال ہونے والے آلات کی سطح پر رکھ کر دیکھا۔ انہوں نے ایک ڈیوائس کو استعمال کیا جس سے مائیکرو اسکوپک ڈراپلٹس کھانسنے یا چھینکنے کی طرح چھوڑے گئے۔
سائنسدانوں نے تحقیق کی کہ وائرس سطح پر کتنی دیر تک رہ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں نئے کورونا وائرس یا کووڈ-19 کے کیسز کی تعداد 5 ہزار 200 اور اس سے ہلاکتیں 100 سے زائد ہوچکی ہیں۔ تحقیق کا نتیجہ یہ نکلا کہ جب وائرس ڈراپلٹس کے ذریعے چھوڑے گئے تو یہ تقریباً 3 گھنٹوں تک دوسروں کو متاثر کرنے کے قابل رہے۔
تحقیقی ٹیم کو معلوم ہوا کہ وائرس کے ذرات کو فضا میں تقریباً 66 منٹ تک زندہ رہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک گھنٹہ اور 6 منٹ تک وائرس کے 3 چوتھائی ذرات اثر کرنے کے قابل نہ رہے تاہم دیگر 25 فیصد اس وقت بھی متاثر کرنے کے قابل تھے۔
راکی ماونٹین لیبارٹریز کے این آئی اے آئی ڈی فیسیلٹی کے نیلجے وین ڈوریمالن کی قیادت میں ہونے والی تحقیق کے مطابق متاثر کرنے والے وائرس کی مقدار تیسرے گھنٹے میں 12.5 فیصد ہوگئی۔ محققین کو معلوم ہوا کہ اسٹین لیس اسٹیل پر اسے 5 گھنٹے 38 منٹ لگے جبکہ پلاسٹک پر یہ 6 گھنٹے 49 منٹ تک برقرار رہا۔
کارڈ بورڈ پر اس کی زندگی 3 گھنٹے اور 30 منٹ رہی تاہم محققین کا کہنا ہے کہ ان نتائج میں بہت ساری چیزیں استعمال کی گئیں۔ وائرس نے سب سے کم زندگی کاپر پر گزاری جہاں وہ 46 منٹ بعد غیر موثر ہوگیا۔
خیال رہے کہ چین سے پھیلنے والا کورونا وائرس اب تک دنیا کے 150 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے جبکہ عالمی سطح پر اس کے دو لاکھ ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور آٹھ ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں اس وائرس کے اب تک 249 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 3 صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔