کورونا وائرس کے باعث 12 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان
- جمعرات 19 / مارچ / 2020
- 3850
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مسافروں کے رش کو کم کرنے کے لیے 12 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 22 مارچ سے 12 ٹرینوں کو بند کر رہے ہیں اور اگر مزید ضرورت محسوس ہوئی تو 25 تاریخ کو دوبارہ اجلاس کرکے یکم اپریل سے مزید 20 ٹرینیں بند کی جائیں گی۔ انہوں نے 22 مارچ سے بند ہونے والی ٹرینوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خوشحال خان خٹک، اکبر ایکسپریس، سندھ ایکسپریس، شاہ لطیف ایکسپریس اور روہی ایکسپریس اپ اینڈ ڈاؤن بند کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں 134 ٹرینیں روزانہ چلتی ہیں، جس میں سے 12 کو بند کیا جارہا ہے۔ تاہم وہ لوگ جن کی پیشگی بکنگ ہوچکی ہے وہ کسی اور ٹرین پر سفر کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے گزشتہ 3 سے 4 روز میں 8 کروڑ روپے ری فنڈ کردیے ہیں اور جو لوگ ان ٹرینوں کی ٹکٹس ری فنڈ کروانا چاہیں گے انہیں 100 فیصد رقم کی ادائیگی کی جائے گی۔
دوران گفتگو انہوں نے واضح کیا کہ مال گاڑیاں حسب معمول چلتی رہیں گی اور سامان کی نقل و حمل جاری رہے گی۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اسٹیشنز پر مسافروں کے رش کو کم کرنے کے لیے ہم نے کچھ مقامات پر نئے اسٹیشنز کا اضافہ کیا ہے۔
ٹرینوں کی صفائی کا خاص انتظام کیا جائے گا۔ ریلوے اسٹیشنز کو صاف کئے جارہے ہیں۔ طبی آلات سے مسافروں کی اسکریننگ بھی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کووڈ 19 (نوول کورونا وائرس) دنیا کے تقریباً 158 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اب تک اس سے دنیا بھر میں 2 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
اس عالمی وبا کے باعث اب تک 9 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 122 اموات چین کے صوبے ہوبے میں ہوئیں جبکہ دوسرے نمبر پر اٹلی میں تقریباً 3 ہزار افراد جان سے گئے ہیں۔