ٹوکیو اولمپکس 2020 ملتوی نہیں ہوں گے: جاپان
- جمعرات 19 / مارچ / 2020
- 4950
جاپان کی کابینہ کے چیف سیکریٹری یوشی ہدا سوگا نے کہا ہے کہ حکومت 24 جولائی سے شروع ہونے والے اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے اور حکام انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق پارلیمنٹ میں ایک رکن کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سوگا کا کہنا تھا کہ حکومت اولمپکس ملتوی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی اور نا ہی اس طرح کا کوئی منصوبہ زیرِ غور ہے۔ یوشی ہدا کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جاپان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور متعدد ممالک کی معیشتوں کو اس سے شدید نقصان پہنچا ہے۔
عالمی مالیاتی منڈیوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے جس کے سبب کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔ جاپان کے وزیرِ اعظم شنزو ایبے نے منگل کو ایک بیان میں کہا تھا کہ گروپ سیون میں شامل ممالک کے رہنماؤں نے مکمل طور پر اولمپک گیمز کے انعقاد کی حمایت پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کسی ایک رہنما نے بھی اولمپک مقابلوں کے التوا کی بات نہیں کی۔
جاپان کی اسپورٹس فیڈریشنز کے اجلاس کے بعد آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو توشیرو موٹو نے ٹوکیو میں ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ٹوکیو گیمز کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے جب کہ انٹرنیشنل اسپورٹس فیڈریشنز نے بھی اس پر اتفاق کیا ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ اولمپک مقابلے شروع ہونے سے پہلے ہی اس وبا پر قابو پا لیا جائے۔
تاہم او آئی سی کو گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادھر ایک طیارہ ٹوکیو اولمپکس کے لیے اولمپک مشعل لانے کے لیے یونان کے شہر ایتھنز روانہ ہو چکا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی جانب سے کیے گئے ایک پول کے مطابق بیشتر جاپانی کمپنیوں نے اولمپکس کے شیڈول کے مطابق انعقاد کی توقع کا اظہار کیا ہے۔ جاپان کے نائب وزیرِ اعظم تارو آسو نے بھی بدھ کو پارلیمان میں اپنے خطاب میں کہا کہ اگر دیگر ممالک اپنے کھلاڑی جاپان نہیں بھیجیں گے تو 'سمر اولمپکس' کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔