کورونا وائرس کے باعث شہباز شریف کا وطن واپس آنے کا فیصلہ

  • ہفتہ 21 / مارچ / 2020
  • 4450

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف آج رات لندن سے واپس اسلام آباد آ رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے۔  یاد رہے کہ قائد حزب اختلاف چار ماہ قبل مسلم لیگ (ن ) کے قائد اور اپنے بڑے بھائی میاں نواز شریف کےعلاج کے لیے ان کے ہمراہ لندن گئے تھے۔

پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت وفاقی دارالحکومت اور گلگت بلتستان میں سنیچر کے روز کورونا کے نئے مریض سامنے آنے کےبعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 668 ہو گئی ہے۔  پاکستان کا صوبے سندھ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔  پاکستان میں وفاقی اور صوبائی اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں 357، پنجاب 137، بلوچستان 104، خیبرپختونخواہ 27، گلگت بلتستان 31، اسلام آباد میں 11 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک متاثرہ افراد موجود ہیں۔

پاکستان میں سوشل میڈیا پر یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ ملک میں کورونا کا پھیلاؤ محدود کرنے کے لیے لاک ڈاؤن کر دیا جائے۔ ملک میں سماجی کارکنوں سے لے کر شوبز کی شخصیات تک سب اس بارے میں بات کر رہے ہیں. خیال رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو  کہا تھا کہ ملک لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مکمل طور پر لاک ڈاؤن کرنے کا مطلب ملک میں کرفیو نافذ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ کرنا ممکن نہیں کیونکہ اس کے وسائل پاکستان کے پاس نہیں .تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ضرورت پڑنے پر ہم لوگوں کو کلسٹر میں لاک ڈاؤن کریں گے۔‘

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا اب تک 186 ممالک کو متاثر کر چکی ہے اور جو ممالک اس پر کچھ حد تک قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں وہاں لاک ڈاؤن کا سہارا لیا گیا ہے۔