کورونا وائرس کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس ملتوی کرنے کا مطالبہ
- اتوار 22 / مارچ / 2020
- 4740
امریکی ایتھلیٹکس فیڈریشن نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اولمپک مقابلوں کو ملتوی کیا جائے۔ تاکہ لوگوں کو اس بڑھتے ہوئے عالمی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اس مطالبے کی سوئمنگ فیڈریشن نے بھی حمایت کی ہے۔ فیڈریشن کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ہمارے ایتھلیٹ سخت دباؤ اور پریشانی سے دوچار ہیں۔ ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کو مد نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔ ان حالات میں ہمارے ایتھلیٹ اولمپک مقابلوں کے لیے بہتر تیاری نہیں کر سکتے۔
فیڈریشن کے اعلیٰ اہل کار سیگل کا کہنا ہے کہ اس مشکل اور پیچیدہ صورت حال میں کوئی حتمی فیصلہ آسان نہیں ہے۔ لیکن التوا کی وکالت کرنے سے ہمارے ایتھلیٹس کو قدرے اطمینان و سکون ملے گا اور وہ ذہنی اور جسمانی طور پر اولمپک کی تیاری کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اولمپکس مقابلوں میں شرکت کے خواہش رکھنے والے کھلاڑیوں کی ساری توجہ اپنی اور اہل خاندان کی صحت اور دیکھ بھال پر مرکوز ہے۔ واضح رہے کہ جاپان کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باوجود اس سال ٹوکیو مین منعقد ہونے والی اولمپک گیمز ملتوی نہیں ہوں گی۔