کورونا وائرس کی فوری تشخیص کا ٹیسٹ تیار

  • اتوار 22 / مارچ / 2020
  • 5630

ادویات کے نگراں امریکی ادارے نے ایک ایسا کورونا وائرس ٹیسٹ تیار کرنے کی منظوری دی ہے جس کے نتائج 45 منٹ میں سامنے آجائیں گے۔

امریکی ادارے ایف ڈی اے نے جمعہ کی شام  ہنگامی بنیاد پر 'سیفائیڈ' نامی ٹیسٹ کے طریقہ کار کو رائج کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ ٹیسٹ وائرس کی فوری تشخیص کے کام آسکے گا۔  اس وقت مروج موجودہ ٹیسٹوں کے نتائج سامنے آنے میں کئی دن لگ جاتے ہیں، کیونکہ انہیں لیبارٹریز میں بھیجنا ضروری ہوتا ہے۔ جب کہ کیلی فورنیا میں قائم ادویات ساز ادارے سیفائیڈ کی جانب سے تیار کردہ ٹیسٹ کا طریقہ کار مروجہ طریقہ کار سے یکسر مختلف ہے۔

ادارے کے ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ ٹیسٹ زیادہ تر اسپتالوں اور ہنگامی محکمہ جات کے زیر استعمال ہوں گے۔ بعدازاں یہ مریضوں کی نگہداشت میں کام آنے کے لیے بھی دستیاب ہو گا، جیسا کہ معالجوں کے دفاتر کے لیے۔ کمپنی مارچ کے آخر تک معاوضے کی بنیاد پر ٹیسٹ کا عمل شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔