دنیا میں کورونا سے ہلاکتیں 22 ہزار سے تجاوز کرگئیں، پاکستان میں 1200 مریض

  • جمعرات 26 / مارچ / 2020
  • 4470

کورونا وائرس نے دنیا کے 180 سے زائد ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 1200 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس کے 26 مارچ کی رات تک دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار 184 تک پہنچ چکی تھیں۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 92 ہزار سے تجاوز کرچکی تھی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد تھی۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1197 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 421 مصدقہ متاثرین کے ساتھ سندھ اس وقت ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔ پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد نو ہے جن میں سے تین، تین کا تعلق خیبر پختونخوا اور پنجاب سے تھا جبکہ ایک، ایک مریض سندھ، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں ہلاک ہوا۔ تاہم 21 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

اہم شہروں میں کراچی میں متاثرین کی تعداد 153 ہے جن میں سے 102 ایسے افراد ہیں جن میں یہ وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا تھا۔ اس کے علاوہ لاہور میں بھی 103 افراد کووڈ-19 کے مریض ہیں۔ ملک کے چاروں صوبوں کے علاوہ دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی مکمل یا جزوی لاک ڈاؤن ہے جبکہ ملک بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔

پاکستان کی حکومت نے چار اپریل تک ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے۔ ملک بھر میں ٹرین آپریشن بھی 31 مارچ تک بند کر دیا گیا ہے۔ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے لیے بالترتیب 35 کروڑ اور 23 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان میں وفاقی اور صوبائی محکمۂ صحت کی جانب سےجاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں جہاں کوورنا کے متاثرین کی تعداد 1197 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں مزید ایک شخص کی کورونا سے ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بھی نو ہو گئی ہے۔

پنجاب کے محکمۂ صحت کی جانب سے جمعرات کی شام جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں مزید 60 مریضوں کی تصدیق کے بعد مصدقہ متاثرین کی تعداد 405 ہو گئی ہے۔ ان متاثرین میں 226 ایران سے آنے والے زائرین ہیں جن میں سے 207 ڈیرہ غازی خان جبکہ 19 ملتان میں ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی متاثرین کی تعداد 103 ہو گئی ہے جبکہ جمعرات کو لاہور میں ایک اور مریض ہلاک بھی ہوا ہے۔ یہ پنجاب میں اس وائرس سے تیسری جبکہ لاہور میں دوسری ہلاکت ہے۔ یہ مریض نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھا۔  بقیہ متاثرین میں سے 22 کا تعلق کا گجرات، 19 کا جہلم، 12 کا راولپنڈی اور آٹھ کا گوجرانوالہ سے ہے۔ اس کے علاوہ ملتان اور فیصل آباد میں تین، تین منڈی بہاؤالدین اور میانوالی میں دو، دو جبکہ ناروال، رحیم یار خان، اٹک، بہاولنگر، اور سرگودھا میں ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔

سندھ کے محکمۂ صحت کے مطابق صوبے میں کووڈ-19 وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے اور اب یہ تعداد 421 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق کراچی میں چھ نئے مریض سامنے آئے ہیں جو کہ سب مقامی منتقلی کے ہیں جس کے بعد صوبائی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 153 ہو گئی ہے۔ جن میں سے 13 صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ ان متاثرین میں سے 102 ایسے افراد ہیں جن میں یہ وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا تھا۔

سکھر میں قرنطینہ میں رکھے گئے زائرین میں سے 265 میں اب تک وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ سندھ کے دیگر شہروں میں دادو میں ایک اور حیدرآباد میں دو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے ایک شخص صحت یاب ہو چکا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق صوبے میں مزید مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں متاثرین کی کل تعداد 123 تک پہنچ گئی ہے۔ ضلع مردان کی یونین کونسل منگا کے مزید چھ رہائشیوں میں وائرس کی تصدیق کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 45 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ صوابی اور سوات میں بھی ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔

پشاور میں ایک نئے مریض کی تصدیق کے بعد تعداد 13 ہو گئی ہے اور بقیہ مریضوں میں سے بیشتر کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان میں قرنطینہ مرکز میں رکھے گئے زائرین سے ہے۔ وزیراعلیٰ کے مشیرِ اطلاعات اجمل وزیر کے مطابق صوبے میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 694 ہے جبکہ اب تک دو افراد اس بیماری سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

گلت بلتستان میں جمعرات کو سات نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 91 ہو گئی ہے۔ گلگت بلتستان کی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق گلگت بلتستان میں ٹیسٹنگ لبیارٹری نہ ہونے کی وجہ سے نتائج تاخیر کا شکار ہورہے ہیں اور حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں اب کورونا کے مریضوں کی تعداد 25 ہے جبکہ بلوچستان میں 12 نئے مریض سامنے آنے کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 131 تک پہنچ گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی دو مریض موجود ہیں۔