برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کورونا کا شکار ہوگئے

  • جمعہ 27 / مارچ / 2020
  • 4520

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ اب ان کی گرل فرینڈ اور ملنے والے سب لوگوں کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔

بورس جانسن اور ان کی گرل فرینڈ  نے رواں ماہ کے دوران  برطانوی نائب وزیر صحت سے متعدد ملاقاتیں کی تھیں۔ ان کا  کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ برطانیہ کی نائب وزیر صحت 62 سالہ نیڈن ڈورس نے 11 مارچ کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ وہ  کورونا کا شکار ہوچکی ہیں۔

نائب وزیر صحت کے کورونا کا شکار ہونے کے بعد ان سے ملاقاتیں کرنے والے کئی افراد نے ٹیسٹ کروایا تھا اور ان افراد میں وزیر اعظم بورس جانسن بھی شامل تھے۔ بورس جانسن کورونا وائرس کا شکار بننے والے دنیا کے پہلے وزیر اعظم اور حکمران ہیں تاہم ان سے قبل متعدد سیاستدانوں اور اہم حکومتی عہدیداروں میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔

بورس جانسن کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد اب خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ان کی گرل فرینڈ سمیت وزیر اعظم سے ملاقاتیں کرنے والے تمام حکومتی عہدیدار بھی اس وبا کا شکار ہوسکتے ہیں۔

برطانوی وزیر نے اپنی ٹوئٹ میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان میں کچھ علامات محسوس ہوئیں جس کے بعد  کورنا کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔  بورس جانسن کے بعد اب ان کی گرل فرینڈ کیری سائمنڈ سمیت ان افراد کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا جنہوں نے گزشتہ کچھ دنوں کے دوران وزیر اعظم سے ملاقاتیں کی تھی۔ ان کے ہاں موسم گرما کے اختتام پر بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ ان ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ وہاں 27 مارچ کی سہ پہر تک مریضوں کی تعداد بڑھ 11 ہزار سے زائد ہوگئی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد  578 تک جا پہنچی تھی۔ برطانیہ نے وبا سے نمٹنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا ہے جب کہ ٹرانسپورٹ و کاروباری اداروں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

اس وقت یورپ کو کورونا وائرس کا مرکز سمجھا جا رہا ہے۔ کورونا کے 3 لاکھ سے زائد کیسز یورپ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔  دنیا بھر میں مجموعی 5 لاکھ 37 ہزار لوگ کورونا سے متاثر ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز اٹلی میں 81 ہزار کے قریب، دوسرے نمبر پر اسپین میں 58 ہزار کے قریب، تیسرے نمبر پر جرمنی 47 ہزار سے زائد ، چوتھے نمبر پر فرانس 30 ہزار کے قریب اور پانچویں نمبر پر برطانیہ 12 ہزار کے قریب ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی 27 مارچ کی صبح تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد  24 ہزار 110 تھی جن میں سے نصف سے زیادہ ہلاکتیں یورپ میں ہوئی تھیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت بھی یورپ کورونا وائرس کا مرکز ہے۔ یورپ کے ایک درجن ممالک  اس وبا سے زیادہ متاثر ہیں۔