حکومتی پابندی کی خلاف ورزی پر مقدمات، مساجد کے امام زیرحراست
- ہفتہ 28 / مارچ / 2020
- 4680
مساجد میں نماز پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر کراچی میں پولیس نے 88 مقدمات درج کئے ہیں۔ 38 امام اور مساجد کے اسٹاف کو حراست میں لیا گیا ہے۔
سندھ حکومت نے جمعرات کو ایک حکم میں مساجد میں باجماعت نماز اور جمعہ کی اجتماعات کو ممنوع قرار دیا تھا۔ اس کے باوجود کراچی کی متعدد مساجد میں نماز جمع کے اجتماعات ہوئے۔ بعض مساج کو لوگوں نے ذبردستی کھلوایا اور جمعہ کی نماز ادا کی۔ واضھ رہے کہ جن علما نے باجماعت نماز کو لازم قرار دیاہے، انہوں نے بھی گھر سے وضو کرکے آنے اور چند منٹ میں نماز سے فارغ ہوکو منتشر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مساجد مین ان ہدایات پر بھی عمل نہیں ہورہا۔
اس دوران حیدرآباد کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد تبلیغی جماعت کے مقامی مرکز کو قرنطینہ سنٹر قرار دے کر 210 اراکین کو مسجد سے باہر جانے سے روک دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق چین سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت کے ایک رکن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد مرکز میں موجود 210 افراد کو باہر جانے سے روک دیا گیا۔
متاثرہ شخص کو گزشتہ روز ہی سول ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا تھا۔ ان کے بھائی کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ ایس ایس پی حیدرآباد عدیل چانڈیو نے مسجد کو قرنطینہ سنٹر قرار دینے کی تصدیق کی اور کہا کہ تمام افراد کو وہی روک دیا گیا ہے۔ پولیس اور مقامی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے طور پر مرکز میں موجود تمام افراد کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی۔
خیال رہے کہ حیدر آباد میں اب تک کورونا وائرس کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں دو مقامی ہیں جبکہ ایرا ن کا سفر کرنے والی متاثرہ خاتون صحت یاب ہوچکی ہیں۔ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبے بھر میں نماز جمعہ کے اجتماع پر پابندی عائد کردی تھی اور مساجد میں باجماعت نماز بھی معطل کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ حکومت نے تمام مسالک کے علما سے مشاورت کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں 26 فروری کو سامنے آیا تھا جو صوبہ سندھ کا بھی پہلا کیس تھا۔ اس وقت صوبے میں متاثرین کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی ہے۔ جبکہ پاکستان بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 1400 بڑھ چکی ہے۔
پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 1415 ہے اور 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ پنجاب کورونا مریضوں میں سرفہرست ہے جہاں 497 کیسز ہیں۔ سندھ میں 457، خیبرپختونخوا میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد متاثر ہوئے ہیں۔