دنیا بھر میں کورونا کے مریض 10 لاکھ کے قریب، ہلاکتیں 48 ہزار تجاوز کرگئیں

  • جمعرات 02 / اپریل / 2020
  • 4320

دنیا بھر سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے نئے 70 ہزار سے زائد مریض سامنے آنے کے بعد عالمی سطح پر مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 50 ہزار ہو گئی ہے۔ جبکہ مرنے والوں کی تعداد 48 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

پاکستان میں نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 2 ہزار 355 تک پہنچ گئی اور 32 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔  ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 845 تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے بعد سندھ کا نمبر ہے اور وہاں 743 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 276 افراد وائرس سے متاثر ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 164 ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی 187 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 62 ہے جبکہ آزاد جموں کشمیر میں 9 افراد میں اس وبا کی تشخیص ہوئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر سے ریکارڈ مریضوں کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ امریکا سے نئے 25 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں۔ وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اسپین، اٹلی اور امریکا میں ریکارڈ کی جا رہی ہیں جب کہ فرانس، ایران و برطانیہ بھی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

2 اپریل کی دوہہر تک امریکا میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد، اٹلی میں 13 ہزار، اسپین میں 10 ہزار، فرانس میں 4 ہزار، ایران میں 3 ہزار اور برطانیہ میں 2300 سے زائد ہوچکی تھی۔ اسپین 2 اپریل کو حکومت نے تصدیق کی کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 950 ہلاکتیں ہوئیں۔ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہزار 200 سے زائد ہوگئی۔

اٹلی حکام نے بتایا  ہے کہ آخری تین سے اٹلی میں ہلاکتوں اور نئے مریضوں میں کچھ کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ہلاکتوں میں کمی کے باوجود اٹلی میں یومیہ 700 سے زائد ہلاکتیں ہو رہی ہیں اور 2 اپریل کی دوپہر تک وہاں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار سے زائد جب کہ مریضوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد تھی۔ حکام کے مطابق آخری تین دن سے نئے مریضوں کے سامنے آنے میں کمی سے امید کی جا سکتی ہے کہ آنے والے دن اٹلی کے لیے اچھے ہیں۔

اس وقت کورونا سب سے تیزی سے امریکا میں پھیل رہا ہے اور وہاں 2 اپریل کی دوپہر تک مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار سے زائد ہوچکی تھی اور ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہوچکی تھی۔ امریکی ریاست نیویارک میں مریضوں کی تعداد 83 ہزار کے قریب پہنچ چکی تھی جو کہ چین کے مریضوں کی تعداد سے بھی زیادہ ہے۔ چین میں 82 ہزار سے بھی کم مریض ریکارڈ کیے گئے تھے۔

جرمنی میں اگرچہ تیزی سے نئے مریض سامنے آ رہے ہیں اور 2 اپریل کی دوپہر تک وہاں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 78 ہزار کے قریب جا پہنچی تھی مگر وہاں ہلاکتوں کی رفتار کافی سست ہے۔ جرمنی میں 2 اپریل کی دوپہر تک ہلاکتوں کی تعداد 915 تک جا پہنچی تھی۔

برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کے نئے آنے والے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور وہاں پر 2 اپریل کی دوپہر تک مریضوں کی تعداد 30 ہزار کے قریب پہنچ گئی تھی  اور 1800 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایران میں بھی کورونا وائرس کے نئے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔  ایران میں 2 اپریل کی دوپہر تک مریضوں کی تعداد 47 ہزار سے زائد ہو چکی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی 3 ہزار سے زائد تھی۔ وہاں بھی  کورونا کے مریضوں اور ہلاکتوں کی رفتار میں واضح کمی ہوئی ہے۔