صدر ٹرمپ نےعوام کو مشورہ دے کر خود ماسک پہننے سے انکار کردیا
- ہفتہ 04 / اپریل / 2020
- 5230
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی وفاقی گائیڈ لائنز کا اعلان کیا ہے جس میں امریکی شہریوں کو کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عوامی مقامات پر جاتے ہوئے فیس ماسک لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔
تاہم اس اعلان کے ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ کہتے ہوئے کہ ’میں نے یہ نہ کرنے کا انتخاب کیا ہے‘ بتایا کہ ان کا خود ان ہدایات پر عمل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق یہ رہنما ہدایات سینڑرز فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کی جانب سے سامنے آئی تھیں۔ لوگوں کو خاص کر کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں جاتے ہوئے رومال، غیر طبی ماسکس اور ٹی شرٹ جیسے کپڑوں سے اپنے چہرہ ڈھانپنے کے لیے کہا گیا ہے۔
امریکی صدر نے حکومت کی خود جاری کردہ ہدایات سے اپنے آپ کو مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اوول آفس میں بیٹھ کر دنیا کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنا چہرہ ڈھانپنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ ایک تجویز ہے جو انہوں نے دی لیکن میں خود ماسک نہیں پہننا چاہتا۔
یہ ہدایات ایسے وقت میں جاری کی گئیں جبکہ امریکی ریاستوں کو دنیا کے دیگر مقامات کی طرح پہلے ہی ماسکس کی شدید قلت کا سامنا ہے اور اب خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ ماسک ایک دم غائب ہوجائیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور انتظامی عہدیداروں نے یہ بھی کہا یہ تجاویز ہیں شرائط نہیں اور اس کے لیے دیگر گھریلو اشیا کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ سرجیکل اور این 95 ماسک ان افراد کے استعمال کے لیے چھوڑ دیے جائیں جو کورونا وائرس سے فرنٹ لائن پر لڑرہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کا نیا بیان اس کے سابقہ بیان سے مختلف ہے کیوں کہ حکام نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ماسک نہ تو ضروری ہیں نہ اس سے کوئی مدد ملے گی۔ طبی ماہرین نے ابتدائی طور پر اس بات پر یقین کیا تھا کہ ماسک پہننے سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے پر کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ تا ہم تازہ ترین شواہد یہ بات واضح کرتے ہیں کہ جن لوگوں میں علامات نہ بھی ہوں وہ بھی وائرس منتقل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم اعداد و شمار کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس کی روشنی میں اپنی تجاویز مرتب کررہے ہیں۔ جیسے جیسے مزید شواہد سامنے آئیں گے ہم تجاویز جاری کریں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی صدر نے ماسک پہننے سے انکار کردیا لیکن خاتون اول نے ایک بالکل ٹھوس اور متضاد پیغام دیا اور نئی ہدایات کی حمایت کی۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں ہر ایک سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ماسک یا چہرہ چھپانے والی چیزیں استعمال کرنے کی درخواست کرتی ہوں۔