پاکستان میں کرونا وائرس سے 41 ہلاکتیں، مریضوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

  • ہفتہ 04 / اپریل / 2020
  • 4250

پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 41 ہو گئی ہے جب کہ کووڈ 19 کے مریض 2700 سے زیادہ ہیں۔

 پاکستان کی حکومت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں ماہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ پنجاب کی صوبائی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے بڑی صنعتیں کھولنے کی مشروط اجازت دی ہے۔ اب تک 204 ملکوں میں مجموعی طور پر 11 لاکھ  35 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں اور 60 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس کے 2567 کیسز سامنے آئے ہیں اور 72 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 857 ہلاکتیں اور 31 ہزار نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ کورونا وائرس کے باعث امریکہ میں بے روزگاری کی شرح 50 سال کی بلند ترین شرح پر پہنچ گئی ہے۔ کرونا وائرس سے اٹلی میں 14681، اسپین میں 11009، فرانس میں 6507، برطانیہ میں 3605، چین میں 3322، ایران میں 3294 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

پاکستان نے آئندہ پیر سے چار روز کے لیے طورخم اور چمن سرحد کو عارضی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پاکستان میں پھنسے ہوئے افغان شہری اپنے وطن واپس جا سکیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ افغان حکومت کی خصوصی درخواست اور انسانی پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان نے وطن واپسی کے خواہش مند افغان شہریوں کو طورخم اور چمن بارڈر کے ذریعے جانے کی اجازت دے دی ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پیشِ نظر پاکستان نے اپنی بین الاقوامی سرحدیں بشمول پاک افغان سرحد بند کر دی تھی۔ جس کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان آمد و رفت معطل ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے ہزاروں افراد کی یاد میں یومِ سوگ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں ہفتے کو تمام تفریحی تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں جب کہ عمارتوں پر لگے چینی پرچم بھی سرنگوں کیے گئے ہیں۔ ہفتے کو صبح 10 بجے چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں تین منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے بعد کاروں، ٹرینوں اور بحری جہازوں نے ہارن بجائے اور ملک بھر میں جگہ جگہ سائرن بجائے گئے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوئی تھی جو اب دنیا بھر میں پھیل چکی ہے۔ لیکن چین میں اس وبا پر قابو پا چکا ہے۔ چین میں کورونا وائرس سے 3300 سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں جن میں سے 2500 سےزائد ہلاکتیں صرف ووہان شہر میں ہوئی تھیں۔

کورونا وائرس سے کویت میں ایک شخص اور جارجیا میں ایک معمر خاتون ہلاک ہو گئی ہیں۔ کویت اور جارجیا میں ہفتے کو کورونا وائرس سے پہلی ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کویت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 62 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ کویت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 479 ہو گئی ہے۔

جارجیا میں بھی ایک 79 سالہ خاتون ہفتے کو کورونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئیں۔ 37 لاکھ سے زائد آبادی والے ملک جارجیا میں اب تک کورونا وائرس کے 157 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔