پاکستانی گلوکار سلمان احمد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے
- اتوار 05 / اپریل / 2020
- 5930
جنون بینڈ کے پاکستانی گلوکار سلمان احمد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے خود کو سب سے الگ تھلگ کرلیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے کیا ہے۔
سلمان احمد ان دنوں امریکی شہر نیویارک میں مقیم ہیں۔ امریکہ فی الوقت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے۔ امریکہ کا شہر نیو یارک اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے۔ مریضوں کی بہتات کی وجہ سے اسے کورونا وائرس کا سب سے بڑا مرکز کہا جارہا ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں سلمان احمد نے لکھا ہے کہ ڈاکٹرز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ میں بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہوں۔ انہوں نے رواں ہفتے ہی طبیعت خراب ہونے پرکورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا۔ سلمان کے بقول انہیں فلو کی شکایت ہے تاہم وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔ سلمان کا ایک اور ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ان کے بھتیجے ڈاکٹر سلمان نے ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا ہے جو مثبت آیا ہے۔
ڈاکٹر سلمان امریکی کی ریاست فلاڈلفیا کے ایک اسپتال میں سرجن ہیں اور کورونا وائرس کے مریضوں کا 24 گھنٹے علاج کرنے والی ٹیم میں شامل ہیں۔ سلمان احمد کرونا وائرس کی وبا عام ہونے سے قبل مختلف منصوبوں پر کام کر رہے تھے اور اسی سلسلے میں وہ امریکہ بھی گئے تھے۔ لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنس گئے اور اب تک واپس نہیں آ سکے ہیں۔