کورونا مریضوں کی تعداد 13 لاکھ تک جا پہنچی، امریکہ میں ہلاکتوں میں اضافہ

  • سوموار 06 / اپریل / 2020
  • 4020

دنیا کے درجنوں ممالک میں گزشتہ 2 ہفتوں سے زائد وقت سے جاری لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کوئی کمی نہیں دیکھی جا رہی اور 6 اپریل کی دوپہر تک دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 13 لاکھ کے قریب جا پہنچی تھی۔ 6 اپریل کی دوپہر تک دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ستر ہزار سے زائد ہو چکی تھی۔

امریکہ میں اعلیٰ طبی حکام کو اندیشہ ہے کہ اس ہفتے کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات ہوسکتی ہیں۔ اس وقت دنیا میں کورونا متاثرینم کی تعداد 12 لاکھ 90 ہزار جبکہ مرنے والوں کی تعداد سترہزار ہے۔

نیویارک میں کورونا سےاموات میں کمی ہونا شروع ہو گئی ہے جس کے بعد بعض طبی ماہرین امید ظاہر کر رہے ہیں کہ اس ہفتے میں اس قدر جانی نقصان نہیں ہوگا جس قدر خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ نیو یارک میں اس ہفتے کے دوران اتوار کو پہلی بار ایک دن قبل سے اموات کم ہوئی ہیں تاہم یہ تعداد بھی 600 سے زائد ہے جب کہ اتوار کو 7300 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 37 ہزار کے قریب کیسز سامنے آ چکے ہیں اور 18 ہزار افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ 9620 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

نیو یارک کے بعد امریکی ریاست لوزیانا میں بھی صورت خراب  ہے۔  گورنر کے مطابق آئندہ تین دن میں لوزیانا میں مزید مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز دستیاب نہیں ہوں گے۔ ریاست میں وبا کے کیسز 13 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں جب کہ 500 کے قریب اموات ہوئی ہیں۔ پینسلوینیا، کولاراڈو اور واشنگٹن ڈی سی میں بھی اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی سرجن جنرل جیرم ایڈمز نے  کہا ہے کہ یہ ہفتہ امریکہ میں انتہائی سخت ہفتہ ہوگا جب کہ کئی لوگوں کے لیے افسوس ناک بھی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت دوستانہ انداز میں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ ہمارا پرل ہاربر والا لمحہ ہو گا یا گیارہ ستمبر والے حالات ہوں گے۔ اس سے کوئی ایک علاقہ متاثر نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کورونا وائرس سے امریکہ کے تمام علاقے متاثر ہوں گے اور میں امریکیوں کو کہنا چاہوں گا کہ وہ اس امر کو سمجھیں۔

دوسری جانب نیویارک کے گورنر انڈریو کومو کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسپتالوں میں مریضوں کی آمد میں 50 فی صد کمی آئی ہے۔ گورنر انڈریو نے مزید کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ نیویارک میں کورونا وائرس اپنی بلند ترین سطح تک جا چکا ہے یا ابھی اس سے مزید اموات میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ نیویارک میں 4159 اموات ہو چکی ہیں جب کہ ایک لاکھ 24 ہزار کے قریب کیسز سامنے آئے ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ ہمیں تاریک سرنگ کی دوسری جانب روشنی کی کرن نظر آ رہی ہے اور عنقریب ایسا ہی ہوگا۔ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کے بقول کورونا وائرس کے پھیلنے کی رفتار کو کم کرنے کے لیے کئی ہفتوں تک سماجی دوری اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی پابندیوں کو برقرار رکھنا ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکہ کی کئی ریاستوں نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

چین میں 6 اپریل کی دوپہر تک متاثرہ افراد کی تعداد 82 ہزار 680 تھی، جس میں سے 3300 کے قریب ہلاک ہوئے جب کہ 78 ہزار مریض صحت یاب ہوچکے تھے۔ اس وقت محض ڈھائی سے تین ہزار مریض چینی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

اٹلی میں ہلاکتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔ اٹلی میں گزشتہ ہفتے سے ہلاکتوں کی تعداد کم ہونا شروع ہوئی تھی اور 5 اپریل کو 2 ہفتوں کے بعد سب سے کم ہلاکتیں ہونے کے بعد حکام نے امید ظاہر کی کہ اب اٹلی میں حالات بدستور بہتر ہوتے چلے جائیں گے۔ اٹلی میں 5 اپریل کی دوپہر تک متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد جب کہ ہلاکتیں 15 ہزار 800 سے زائد ہو چکی تھیں۔ اسپین میں بھی گزشتہ 2 دن سے ہلاکتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے اور وہاں بھی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ حالات بدستور بہتر ہوتے چلے جائیں گے۔ اسپین میں بھی ہلاکتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ترکی میں حیران کن طور پر گزشتہ ایک ہفتے میں نہ صرف کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ وہاں ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہؤا ہے۔ ترکی میں 5 اپریل کو ریکارڈ 72 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 574 تک جا پہنچی جب کہ وہاں مریضوں کی تعداد بھی 27 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

یورپی ملک فرانس میں بھی پہلی بار  کم ہلاکتیں ہونے کے بعد وہاں ہلاک افراد کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی جب کہ وہاں مریضوں کی تعداد  94 ہزار کے قریب جا پہنچی۔ فرانس میں بھی  حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک ہفتے بعد وہاں حالات میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔

جاپان نے بھی کورونا وائرس کے مریض مسلسل بڑھنے کے بعد وہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر جاپان پر مؤثر اقدامات نہ اٹھانے پر تنقید بھی کی جا رہی تھی۔ تاہم جاپانی وزیر اعظم نے 6 اپریل کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو وبا سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کا حکم  دیا۔ جاپان میں 6 اپریل کی دوپہر تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 3600 سے زائد ہوچکی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 85 سے زائد تجاوز کر چکی تھی۔

کورونا کے شکار ہونے والے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو 6 اپریل کو گھر سے ہسپتال منتقل کردیا گیا، چوں کہ ان میں کورونا کی علامات میں کمی نہیں ہو رہی تھی۔ بورس جانسن میں 27 مارچ کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور یوں وہ اس وبا سے متاثر ہونے والے دنیا کے پہلے سربراہ حکومت ہیں۔

بورس جاننسن کو ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد ملکہ برطانیہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر تاریخی خطاب کیا۔ ملکہ برطانیہ کی زندگی کا یہ چوتھا خطاب تھا جو انہوں نے عوام سے کیا اور اپنے خطاب میں انہوں نے اُمید بھرا پیغام دیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ برطانیہ بہتر طبی عملے اور بہتر عوام کے ساتھ وبا کو شکست دینے میں کامیاب جائے گا۔

برطانیہ میں 6 اپریل کی دوپہر تک مریضوں کی تعداد 48 ہزار سے زائد جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 943 تک جا پہنچی تھی۔