کوئٹہ میں ڈاکٹروں ہر لاٹھی چارج، کورونا سے 52 افراد جاں بحق

  • سوموار 06 / اپریل / 2020
  • 6670

کوئٹہ میں حفاظتی کٹس کی دستیابی کے لیے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر پولیس نے لاٹھی چارج  کیا۔ متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے رویے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے سروسز کا بھی بائیکاٹ کر دیا۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اب تک 3 ہزار 520 افراد میں یہ وائرس پایا گیا ہے۔ 52 افراد اس مرض کی وجہ سے انتقال بھی کرچکے ہیں۔

کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے حفاظتی کٹس کی عدم دستیابی کے خلاف سول اسپتال سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب مارچ کیا تھا۔ اس موقع پر پولیس نے ڈاکٹرز اور طبی عملے پر لاٹھی چارج کر دیا اور کئی کو گرفتار بھی کر لیا۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ڈاکٹروں اور طبی عملے کے ارکان کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر یاسر خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ طبی عملے کے ساتھ پولیس نے دہشت گردوں والا سلوک کیا اس لیے وہ تمام سروسز کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ  پولیس نے 150 سے زائد ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کو گرفتار کیا ہے۔ جنہیں مختلف تھانوں میں منتقل کیاگیا ہے۔

اس دوران کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتِ حال اور حکومتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے قائم پاکستان کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں جاری ہے۔  قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے سربراہ جنرل افضل نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک ملک بھر میں 35 ہزار افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ ملک بھر میں 137 اسپتالوں کو کورونا وائرس کے لیے مختص کیا گیا ہے جب کہ 22 لیباٹریاں اس وبا سے متاثرہ افراد کے ٹیسٹ کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں 3800 سے زائد وینٹی لیٹر موجود ہیں جن میں سے 2200 پبلک سیکٹر اور باقی پرائیویٹ سیکٹر کے پاس ہیں۔ نو اپریل کو مزید 500 وینٹی لیٹر پاکستان پہنچ جائیں گے۔ مزید 2000 وینٹی لیٹر ہمسایہ ملک چین سے منگوائے جائیں گے۔ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حفاظتی کٹس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اب تک 29 ہزار حفاظتی کٹس صوبوں کو مہیا کر دی گئی ہیں اور پی آر سی کٹس تمام اسپتالوں کے سربراہان کو جمعرات تک بجھوائی جائیں گی۔