کورونا وائرس سے دنیا میں 97ہزار اور پاکستان میں 68 افراد ہلاک
- جمعہ 10 / اپریل / 2020
- 4450
پاکستان میں کورونا وائرس سے 68 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور متاثرین کی تعداد 4688 ہو گئی ہے۔ دننا بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 16 لاکھ 20ہزار ہوگئی ہے۔ جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 97ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
پاکستان میں آج بھی نماز جمعہ کے محدود اجتماعات منعقد ہوئے جبکہ کراچی میں نماز جمعہ سے منع کرنے پر مشتعل لوگوں نے ایک خاتوں پولیس افسر پر حملہ کرکے انہیں زد و کوب کیا۔ پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے فلائٹ آپریشن کی معطلی میں 21 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔
کورونا وائرس پر سلامتی کونسل کا اجلاس کسی بھی فیصلے کے بغیر ختمہوگیا۔ یورپ کے بعد اب نیویارک میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آ رہی ہے تاہم امریکہ کی دیگر ریاستوں مین پھیلاؤ میں اضافہ کا اندشہ ہے۔ نیویارک کے اسپتالوں میں لائے جانے والے مریضوں کی تعداد پہلے سے کم ہو ئی ہے۔ امریکہ کے طبی ماہرین کا خیال ہے کہ موسم گرما تک امریکہ میں معمولات زندگی بحال ہو سکتے ہیں۔
افغانستان کے نائب صدر امر اللہ صالح نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ افغانستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث تین لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔ افغانستان میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز 521 ہو گئے ہیں۔ افغان صوبے ہرات میں 265، کابل میں 121 اور قندھار میں 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ افغان محکمہ صحت نے کہا ہے آنے والے دنوں میں کیسز میں اضافہ ہوگا۔
اس دوران یورپ کے 19 ممالک کے وزرائے خزانہ نے جمعرات کو 500 ارب یورو کے ایک پیکیج کی منظوری دی ہے جس کا مقصد کاروباری کمپنیوں، کارکنوں اور صحت عامہ کے نظام کو کورونا وائرس کے اثرات سے بچانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ یوروزون کے وزرا کے یوروگروپ کے صدر ماریو سین ٹینو نے کہا ہے کہ یہ ایک ایسا پیکج ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ منظور کیا جانے والا یہ پیکج یورپ کی کل مجموعی پیداوار یعنی جی ڈی پی کے چار فی صد کے برابر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یورپین معیشت کو کسی بحران سے بچانے کےخود کار انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ ماریو سین ٹینو کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کبھی بھی یورپ میں کسی بحران سے نمٹنے کے لیے اتنی جلدی ایسا قدم نہیں اُٹھایا گیا۔
بھارت میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو ملک میں کورونا وائرس کے 809 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 6412 سے زیادہ ہو گئی ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستی حکومتوں نے وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر 21 روزہ لاک ڈاؤن میں توسیع کا عندیہ دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتے کو ریاستی وزرائے اعلٰی کے ساتھ اس ضمن میں ویڈیو لنک پر مشاورت کریں گے۔ بھارت میں 21 روزہ لاک ڈاؤن کی میعاد منگل کو ختم ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی یہ عندیہ دے چکے ہیں، اس میں مزید توسیع ہو سکتی ہے۔
پاکستان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے قائم کیے سارک ممالک کے فنڈ میں 30 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ بھارت نے اس فنڈ میں ایک کروڑ ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے۔ البتہ پاکستان کا یہ موقف ہے کہ بھارت کی بجائے سارک ممالک کی حکمت عملی کو سارک سیکریٹریٹ طے کرے۔ پاکستان نے بدھ کو سارک ممالک کے تجارتی نمائندوں کی ویڈیو کانفرنس کا بائیکاٹ کیا تھا۔