سندھ میں مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح دنیا بھر میں زیادہ ہے: مراد علی شاہ
- ہفتہ 11 / اپریل / 2020
- 6720
سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ میں بیس فیصد لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آرہے ہیں۔ ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 20 فیصد ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ یہ شرح دنیا کی اوسط سے زیادہ ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ آج بھی مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 4 ہزار 892 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں 78 افراد کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ دنیا میں وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تقریباً 17 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ایک لاکھ چار ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں اس وائرس کا پھیلاؤ مارچ کے آخر تک اتنا زیادہ نہیں تک تاہم اپریل کے آغاز سے اس میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ اپریل کے 10 روز میں 2700 سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبے میں مزید 104 کیسز اور 6 اموات کی تصدیق کی۔ ٹوئٹر پر ایک مختصر ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں مزید 104 لوگوں کے متاثر ہونے سے تعداد 1318 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 20 فیصد ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جو دنیا کی اوسط سے زیادہ ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 6 لوگ انتقال کرگئے۔
صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد کے بارے میں مراد علی شاہ نے کہا کہ اب تک 28 لوگ اس وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 919 لوگ زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے اس مرض کے اعداد و شمار کے حساب سے پریشان کن تھے۔ یہ اچھی خبر نہیں ہے اور ہمیں مزید سخت لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 6 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 107 سے بڑھ کر 113 ہوگئی ہے۔ اسی طرح آزاد جموں کشمیر میں بھی ایک اور شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور وہاں متاثرین کی تعداد 34 ہوگئی ہے۔
ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھنے کے ساتھ صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 727 تھی جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 35 نئے افراد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 762 ہو گئی۔
اس وقت پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں۔ یہ تعداد 2336 ہے۔ سندھ میں 1318، خیبرپختونخوا میں 656، بلوچستان میں 220 مریض ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 215، اسلام آباد میں 113 اور آزاد کشمیر میں 34 کیسز ہیں۔
کورونا وائرس سے ملک میں ہونے والی اموات میں سب سے زیادہ تعداد سندھ میں ریکارڈ کی گئی ہے۔