امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 20 ہزار سے بڑھ گئیں
- اتوار 12 / اپریل / 2020
- 4370
امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ جاری ہے۔ ہفتے کے روز امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد اٹلی سے بطڑھ گئی۔ اس طرح امریکہ میں اس عالمگیر مہلک وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہوگئی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کی سہ پہر تک امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے بڑھ چکی تھی اور مریض سوا پانچ لاکھ کے قریب تھے۔ ہفتے کے روز اٹلی میں 619 ہلاکتیں ہوئیں جو ایک روز پہلے کے عدد 570 کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ اس طرح پہلے جو قیاس کیا جا رہا تھا کہ یورپ میں مہلک وائرس کا زور ٹوٹ رہا ہے، ہلاکتوں اور مریضوں کی تعداد میں اضافے سے بکھر گیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس صورت حال کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ مریضوں کی ایک بڑی تعداد کے پیش نظر ہلاکتوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے اور ماہرین کے یہ اندازے درست ثابت ہو سکتے ہیں کہ امریکہ میں اموات ایک لاکھ سے بڑھ سکتی ہیں۔ امریکہ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں نیویارک میں ہوئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سب سے متاثرہ ریاست میں گھروں پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں حالیہ دنوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔
ہفتے کے روز نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے اعلان کیا ہے کہ تعلیمی ادارے پورے تعلیمی سال کے دوران بند رکھے جائیں گے۔ اس وقت امریکہ بھر میں سماجی فاصلے کو قائم رکھنے کے اصول پر عمل کیا جا رہا ہے جس کی میعاد 30 اپریل کو ختم ہوگی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ صدر ٹرمپ اس کے بعد دفاتر کھولنے کا حکم دے کر ملک میں معمول کی زندگی بحال کرتے ہیں یا اس معیاد میں توسیع کرتے ہیں۔
نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق نئے ماڈلز یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اگر 30 اپریل کو میل جول کی پابندیاں اٹھائی گئیں تو گرمیوں کے موسم میں وائرس کے پھیلاؤ میں مزید اضافہ ہو گا۔