کورونا بحران میں وفاقی اور سندھ حکومت کی کارکدگی پر سپریم کورٹ کا اظہار برہمی

  • سوموار 13 / اپریل / 2020
  • 4180

پاکستان کی سپریم کورٹ نے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اور سندھ حکومت کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے حکومت کو معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کو ہٹانے کے بارے میں ریمارکس دیے تھے۔ تاہم تحریری حکم نامے میں اس کی ہدایت نہیں کی گئی۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کورونا وائرس پر ازخود نوٹس کیس پر سماعت کی اور اس معاملہ پر حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے کورونا وائرس پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے حکومت کو ڈاکٹر ظفر مرزا کو ہٹانے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ڈاکٹر ظفر مرزا سے مطمئن نہیں ہیں آج ظفر مرزا کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیں گے۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے اس موقع پر ظفر مرزا کو ہٹانا بڑا تباہ کن ہوگا۔ سماعت کے دوران ظفر مرزا کو تبدیل نہ کریں۔ انہوں نے استدعا کی عدالت ظفر مرزا کا معاملہ حکومت پر چھوڑ دے۔

 

سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے کورونا وائرس از خود نوٹس کی سماعت کی تو اُس دوران عدالت نے حکومتی ٹیم اور اس کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھائے۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی کابینہ غیر مؤثر ہو چکی ہے۔ معاونین خصوصی کی فوج ہے جن کے پاس وزرا کے اختیارات ہیں۔ کئی کابینہ اراکین پر جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سمجھ نہیں آ رہی کہ کس قسم کی ٹیم کورونا پر کام کر رہی ہے۔ ظفر مرزا کس حد تک شفاف ہیں، کچھ نہیں کہہ سکتے۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کی آبزرویشن سے نقصان ہو گا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ریمارکس دینے میں بہت احتیاط برت رہے ہیں۔

اٹارنی جنرل کا دوران سماعت کہنا تھا کہ کوئی ملک کرونا سے لڑنے کے لیے پیشگی تیار نہیں تھا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ریاستی مشینری کو اجلاسوں کے علاوہ بھی کام کرنا ہوتے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے خود کو الگ تھلگ رکھا ہوا ہے۔ کیا پارلیمنٹیرینز، پارلیمنٹ میں بیٹھنے سے گھبرا رہے ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنے اپنے راستے اختیار کیے ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ قانون سازی کے حوالے سے حکومت کا کیا ارادہ ہے؟ کیا ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے پارلیمان قانون سازی کرے گا؟ کئی ممالک ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے قانون سازی کر چکے ہیں۔

دورانِ سماعت سندھ حکومت کی کارکردگی پر بھی ججز کی طرف سے شدید تنقید کی گئی۔ عدالت نے صوبائی حکومت سے پیر کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ عدالت نے کہا کہ کراچی میں 11 یونین کونسلز سیل کرنے کی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی۔ حکومت کو سیل شدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کی تعداد کا بھی علم نہیں اور وہاں کھانا اور طبی امداد فراہم کرنے کا بھی کوئی منصوبہ نہیں۔

عدالت نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی افسوسناک ہے۔ صوبائی حکومت آٹھ ارب کا راشن تقسیم کرنے کے شواہد بھی نہ پیش کر سکی جب کہ صوبے بھر سے کھانا نہ ملنے کی شکایت پہنچ رہی ہے۔  سپریم کورٹ نے سندھ حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے راشن کہاں سے اور کتنے میں خریدا گیا، کتنا راشن کس کو دیا، تمام تفصیلات فراہم کی جائیں۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ سندھ حکومت 'پی پی ای کٹس' کس نرخ پر خرید رہی ہے؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ یہ کٹس مختلف نرخوں پر خریدی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مقامی سطح پر کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی کٹس کی تیاری شروع ہو چکی ہے اور روزانہ پانچ ہزار کٹس تیار ہو رہی ہیں۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے سوال کیا کہ سندھ میں لوگوں کی مدد کے لیے حکومتی سطح پر کیا اقدامات کیے گئے؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ سندھ میں پانچ لاکھ سے زائد لوگوں کو راشن فراہم کیا گیا ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ کہاں اور کس کو راشن فراہم کیا؟ سندھ پولیس تو جے ڈی سی والوں کو لوٹ رہی ہے۔ 10 روپے کی چیز دے کر چار وزیر تصویر بنانے کے لیے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ سندھ میں گٹر کا ڈھکن لگانے کے لیے چار لوگ کھڑے ہو کر تصویر بناتے ہیں۔ عدالت نے راشن کی تقسیم کے حوالے سے سوال کیا کہ سندھ میں راشن تقسیم کرنے کا کیا طریقہ کار ہے؟۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر کے ذریعے راشن تقسیم کیا جاتا ہے۔ زیادہ تر لوگ دیہاڑی دار ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے دوران سماعت کہا کہ پانچ لاکھ چار ہزار 80 خاندانوں کو 15 دن کا راشن دیا گیا ہے۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے آٹھ ارب کا غریبوں میں راشن تقسیم کیا۔ لیکن غریب کو پتہ بھی نہیں چلا۔ سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے بین الاضلاع مشروط سفری پابندی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آرڈیننس 2020 کے ذریعے بین الاضلاع سفر پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس حکم کے تحت یہ پابندی لگائی گئی؟ آرٹیکل 15 وفاقی حکومت کا دائرہ اختیار ہے۔  عدالت نے پنجاب حکومت کی جانب سے بین الاضلاع مشروط سفری پابندی کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو حکم دیا کہ وہ ڈاکٹروں کی ضروریات پوری کریں۔ عدالت کا ڈاکٹروں کو کھانا نہ ملنے کی شکایات کا بھی فوری ازالے کا حکم دیا ہے۔  عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ اور پنجاب حکومت سے بھی کورونا وائرس سے نمٹنے اور امدادی کام کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔  عدالت نے وفاق اور صوبوں کے تحریری جواب کا جائزہ لینے کے بعد از خود نوٹس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ملک میں موجود 'ناکافی سہولیات' پر پہلا از خود نوٹس 10 اپریل کو لیا تھا۔  چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل، سیکرٹری صحت، وزارتِ داخلہ اور چاروں صوبائی ایڈووکیٹس جنرلز اور چیف سیکریٹریز کو نوٹس جاری کیے تھے اور ان سے جواب طلب کیا گیا تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ میں پانچ ججوں کو حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے معاملے پر اِن کیمرہ بریفنگ دی تھی جس کا سپریم کورٹ کی طرف سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ملک بھر کے تمام اسپتالوں کی ایمرجنسی سروس 24 گھنٹوں کے لیے کھلی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے قرنطینہ سینٹرز اور ٹیسٹ کی سہولیات کے حوالے سے بھی ججوں کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اسپتالوں کی او پی ڈیز مرحلہ وار کھولی جائیں گی۔ سپریم کورٹ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی زیرِ صدارت پانچ ججز کو مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وینٹی لیٹرز، طبی آلات اور حفاظتی انتظامات کے بارے میں بتایا کہ کورونا کی تشخیص کے لیے مزید لیبارٹریاں بنائی جا رہی ہیں۔

عدالت کو 'احساس پروگرام' کی سربراہ ثانیہ نشتر نے بتایا کہ حکومت نے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کی مدد کے لیے 12 ہزار روپے دینے کا پروگرام شروع کیا۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کو دی گئی بریفنگ کے نتیجے میں ملک میں عوامی صحت اور امداد سے متعلق مسائل میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ طلب کی تھی۔ عدالت عظمیٰ کے فاضل ججوں کو تشویش تھی کہ حکومت کی جانب سے غریب عوام کے لیے اعلان کردہ امدادی رقم صرف سفارشیوں تک ہی محدود نہ رہ جائے۔