بھارت: لاک ڈاؤن میں 19 دن کی توسیع، تین مئی تک پابندیاں برقرار

  • منگل 14 / اپریل / 2020
  • 4770

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن میں 19 روز کی توسیع کرکے اسے تین مئی تک بڑھا دیا ہے۔

ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ ریاستی حکومتوں اور شہریوں کی تجاویز کے پیش نظر لاک ڈاؤن بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو علاقے کورونا کے مراکز نہیں ہیں وہاں غریبوں کے مسائل کے پیش نظر 20 اپریل کے بعد حالات کا جائزہ لے کر جزوی رعایت دی جائے گی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تمام ریاستوں، اضلاع اور علاقوں کا جائزہ لیا جائے گا کہ وہ لاک ڈاؤن کی کتنی پابندی کر رہے ہیں۔ اس کے بعد ہی مراعات دی جائیں گی۔ لیکن اگر اس کے بعد ان علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوتا ہے، کرونا سے کسی کی موت ہوتی ہے یا ضابطوں کی پابندی نہیں کی جاتی ہے تو وہ رعایت واپس لے لی جائے گی۔ اس سلسلے میں مفصل ہدایات بدھ کو جاری کی جائیں گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ وزیر اعظم نے عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کورونا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ضابطوں کی پابندی کی ہے۔ بھارت نے دوسرے ملکوں کے مقابلے میں زیادہ سختی سے قدم اٹھائے ہیں۔ جس کے نتیجے میں بھارت کی حالت دوسرے ملکوں کے مقابلے میں بہتر ہے۔

انہوں نے دیگر ملکوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم موازنہ کریں تو اس دوران کئی ممالک میں کورونا کے کیسز بھارت کے مقابلے میں 30 گنا تک زیادہ ہیں۔ وزیر اعظم کے بقول جب ملک میں صرف 550 کیسز ہی سامنے آئے تھے تو بھارت میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ جب ملک میں ایک بھی کورونا کیس نہیں تھا تو ایئر پورٹس پر آنے والے مسافروں کی اسکریننگ شروع کر دی گئی تھی۔ بھارت نے بروقت قدم اٹھائے جس کے نتیجے میں حالات قابو میں ہیں۔

نریندر مودی نے سماجی فاصلے اور لاک ڈاؤن کے دیگر ضابطوں کی پابندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو کورونا کے مراکز بڑھیں گے اور ہمارے سامنے نئے چیلنجز پیدا ہوں گے۔ اب تک ہم نے جو کچھ حاصل کیا ہے وہ بے معنی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ملک کو بچانے کے لیے بہت تکالیف اٹھائی ہیں۔ مجھے ان کا احساس ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پہلے 22 مارچ کو رضا کارانہ طور پر عوام سے ایک روزہ کرفیو (جنتا کرفیو) نافذ کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد وزیر اعظم نے 25 مارچ سے 21 روزہ ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جو کہ 14 اپریل کو ختم ہونا تھا۔