ڈیموکریٹس بائیڈن کی کامیابی کے لیے متحد ہوجائیں: اوباما

  • بدھ 15 / اپریل / 2020
  • 4470

امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما نے صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور ڈیموکریٹک پارٹی کے تمام کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ ان کی کامیابی کے لیے متحد ہوجائیں تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو الیکشن میں شکست دے کر وائٹ ہاؤس دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔

ڈیلاوئیر سے تعلق رکھنے والے سینیٹر جو بائیڈن صدر اوباما کے دونوں ادوار میں ان کے نائب صدر تھے۔ ان کی صدارتی مہم کی ویب سائٹ پر منگل کو باراک اوباما کی 11 منٹ کی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔ اس میں انہوں نے جو بائیڈن کے کردار اور عزم کی تعریف کی اور کہا کہ وہ کورونا وائرس جیسے بحرانوں میں ملک کی قیادت کے لیے موزوں ترین امیدوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے بحرانوں کے دور میں اگر ہم نے بطور قوم کچھ سیکھا ہے تو وہ ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا عزم ہے جو گھروں، دفاتر، محلوں اور عبادت گاہوں تک محدود نہیں رکھا جا سکتا۔ اسے ہماری قومی پالیسی میں بھی جھلکنا چاہیے۔ اوباما نے کہا کہ ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو علم اور تجربے سے رہنمائی حاصل کرے، مخلص، دردمند اور باوقار ہو۔ ایسی قیادت صرف ریاستی صدر مقام یا مئییر آفس میں نہیں، وائٹ ہاؤس میں بھی چاہیے۔ اسی لیے میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی صدارت کے لیے جو بائیڈن کے نام کی فخر سے توثیق کرتا ہوں۔

باراک اوباما اس ویڈیو کے ساتھ سیاسی میدان میں دوبارہ جلوہ گر ہوئے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے لیے متعدد رہنماؤں میں مقابلے کے دوران وہ عوام کی نظر سے دور رہے۔ لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وہ درون خانہ سرگرم رہے۔ جو بائیڈن نے اس ویڈیو کے نشر ہونے کے بعد باراک اوباما سے اظہار تشکر کیا۔

باراک اوباما نے اس پیغام میں صدر ٹرمپ کا نام نہیں لیا۔ لیکن انہوں نے کہا کہ ری پبلکنز جو وائٹ ہاؤس میں رہتے ہیں اور امریکی سینیٹ کو چلا رہے ہیں، وہ امریکی عوام کی ترقی کے بجائے صرف اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

باراک اوباما نے ویڈیو میں برنی سینڈرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ برنی ایک سچے امریکی ہیں۔ ایک ایسے شخص جس نے اپنی پوری زندگی کام کرنے والے طبقے کی امیدوں، خوابوں اور مایوسیوں کو آواز دینے میں صرف کی ہے۔ میں اور برنی نہ صرف ہمیشہ ہر بات پر متفق رہے ہیں، بلکہ ہم دونوں کا اس امر پر بھی اتفاق ہے کہ ہمیں امریکہ کو زیادہ منصفانہ، زیادہ مساوی معاشرہ بنانا چاہیے۔