کورونا وائرس کی ویکسین سے سب معمول پر آسکتا ہے: انتونیو گوتریس

  • جمعرات 16 / اپریل / 2020
  • 4760

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین ہی دنیا میں معمولات زندگی بحال کرسکتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اےا یف پی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے رکن 50 سے زائد افریقی ممالک کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ’محفوظ اور موثر ویکسین واحد ہتھیار ہے جو دنیا کو معمول پر لاسکتا ہے۔ لاکھوں لوگوں اور ان گنت کھربوں ڈالر بچا سکتا ہے‘۔

انہوں نے اس کی فوری پیداوار اور سب تک رسائی پر زور دیا اور کہا کہ اس کا پوری دنیا کو فائدہ ہوگا اور ہم وبا کو قابو کرسکیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں ایک پرجوش کوشش کی ضرورت ہے کہ یقینی بنائیں کہ بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز ہم آہنگی، مربوط اور فائدہ مند نقطہ نظر کے ساتھ کام کریں تاکہ 2020 کے آخر تک اس طرح کے ویکسین بنائی جاسکے۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ 25 مارچ کو اس وبائی امراض کے بارے میں اقوام متحدہ کے ایک جامع رد عمل کے لیے 2 ارب ڈالر کی اپیل کا تقریباً 20 فیصد حصہ حاصل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعہ اقوام متحدہ 47 افریقی ممالک کو کورونا وائرس کی سہولت فراہم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے وبائی امراض کے نقصان کو کم کرنے کے لیے متعدد افریقی حکومتوں کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔