خیبرپختونخوا، سندھ میں وائرس سے ایک ہی دن میں 18 اموات، مجموعی تعداد 167 ہوگئی
- اتوار 19 / اپریل / 2020
- 5620
پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار 175 ہوگئی ہے جبکہ اسلام آباد، سندھ اور خیبرپختونخوا میں مزید 19 اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔ ملک میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 167 ہو چکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران خیبرپختونخوا میں مزید 10 جبکہ سندھ میں 8 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جو وائرس کی ابتدا سے اب تک کسی بھی صوبے میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اسلام آباد میں مزید ایک موت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 167 ہوگئی ہے۔
پاکستان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سامنے آیا تھا اور اس کے بعد 18 مارچ کو ملک میں پہلی ہلاکت خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئی تھی۔ 31 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد 2 ہزار کے لگ بھگ تھی تاہم اپریل کے مہینے میں اس میں تیزی دیکھی گئی۔
وائرس کے پہلے کیس کے سامنے آتے ہی پہلے صوبائی اور پھر وفاقی حکومت متحرک ہوئی تھی اور مختلف پابندیاں عائد کی گئیں۔ بعد ازاں اسے لاک ڈاؤن میں تبدیل کردیا تھا، جس میں اب 30 اپریل تک توسیع کی جاچکی ہے۔
اس کے باوجود ملک میں جوں جوں ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھ رہی ہے اسی طرح کیسز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اتوار کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ویڈیو بیان میں صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 182 کیسز کی تصدیق کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران صوبے میں 8 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جو اب تک سندھ میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ جس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات 56 تک پہنچ چکی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 33 متاثرین صحتیاب ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 60 کیسز رپورٹ ہوئے۔ صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور خان جھگڑا نے بتایا کہ کورونا وائرس سے مزید 10 اموات ہوئی ہیں۔ وائرس کی ابتدا سے اب تک کسی بھی صوبے میں رپورٹ ہونے والی اموات کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ فراہم کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 137 جبکہ مجموعی اموات 60 ہوگئی۔