پاکستان میں کرونا وائرس سے 192 افراد جاں بحق، ایک روز میں سب سے زیادہ کیس
- منگل 21 / اپریل / 2020
- 4370
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 796 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ کیسز کی تعداد 9216 ہو گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9216 ہو گئی۔ اب تک دو ہزار سے زائد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس تشویشناک حد تک تیزی سے پھیل رہا ہے اور حالیہ دنوں میں کیسز میں تیزی کے بعد متاثرین کی تعداد 9 ہزار216 جبکہ اموات 192 تک پہنچ چکی ہیں۔
اس عالمی وبا سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے 185 سے زائد ملک متاثر ہیں اور اس وقت امریکا اس وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ پاکستان میں بھی اس وائرس کے پھیلاؤ میں رواں ماہ سے تیزی دیکھنے میں آئی تاہم گزشتہ 2 سے 3 روز میں نہ صرف کیسز بلکہ اموات میں ایک دم اضافہ ہوگیا۔
20 اپریل کو ملک میں ایک ہی روز میں 24 اموات ہوئیں جو ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات کا ریکارڈ ہے۔ اگرچہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملکی سطح پر مختلف پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے تاہم اس کے باوجود روزانہ ایسی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آتی ہیں جس میں حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ آج بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 4 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔ سرکاری سطح پر کورونا وائرس کی اپ ڈیٹ جاننے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں 4 نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 185 تک پہنچ گئی۔
اسی طرح گلگت بلتستان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوا اور وہاں مزید 18 افراد اس عالمی وبا کا نشانہ بنے۔ جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 263 سے بڑھ کر 281 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا۔
دوسری طرف کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 96 افراد وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔ ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 66 ہوگئی۔
اس وقت پنجاب میں سب سے زیادہ متاثرین ہیں اور مریضوں کی تعداد 4 ہزار 195 ہے۔ سندھ کے کیسز کی تعداد 2 ہزار 764، خیبرپختونخوا 1235 اور بلوچستان میں 465افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اسلام آباد میں 185، گلگت بلتستان میں 281 اور آزاد کشمیر میں 50 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔