شمالی کوریا کے لیڈر کی صحت کے بارے میں چہ میگوئیاں، سرکاری سطح پر خاموشی

  • بدھ 22 / اپریل / 2020
  • 6040

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی صحت اور یہ کہ وہ اس وقت کہاں ہیں کے بارے میں عالمی میڈیا میں خبریں گردش کررہی ہیں لیکن شمالی کوریا کا سرکاری میڈیا اس بارے میں خاموش ہے۔

یہ خاموشی ایسے موقع پر اختیار کی گئی ہے جب انٹرنیشنل میڈیا میں کم جونگ ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ بعض ذرائع ابلاغ نے یہاں تک دعویٰ کیا تھا کہ دل کے آپریشن کے بعد کم جونگ ان کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این  نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ خفیہ اطلاعات ہیں کہ دل کے آپریشن کے بعد کم جونگ ان کی حالت تشویش ناک حد تک خراب ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

جنوبی کوریا کے حکام نے سی این این کی خبروں کی سختی سے تردید کی تھی۔ پیانگ یانگ کے اتحادی ملک چین نے بھی ان خبروں کو مسترد کیا تھا۔   برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق معمول کے مطابق تمام اخبارات میں کم جونگ اُن کا نام نمایاں تھا تاہم کسی ایک رپورٹ میں بھی یہ نہیں بتایا گیا کہ ملک کے سربراہ کہاں  ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُنہیں امید ہے کہ کہ کم جونگ ان خیریت سے ہوں گے۔  منگل کو وائٹ ہاؤس میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے شمالی کوریا کے سربراہ کے ساتھ زبردست تعلقات ہیں اور وہ اُنہیں صحت یاب دیکھنا چاہتے ہیں۔  صدر ٹرمپ نے کم جونگ ان کی صحت سے متعلق خبروں پر کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ان خبروں میں کتنی صداقت ہے۔

نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ سے جب سوال کیا گیا کہ کیا وہ کم جونگ ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کریں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ شاید وہ ایسا کریں۔ یاد رہے کہ کم جونگ ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں نے اس وقت جنم لیا تھا جب پہلی مرتبہ یہ خبر سامنے آئی کہ انہوں نے شمالی کوریا کے بانی رہنما اور اپنے دادا کم ال سنگ کی 15 اپریل کو ہونے والی سالگرہ کی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔

اس سے قبل مقامی میڈیا نے خبر نشر کی تھی کہ کم جونگ ان کے دل کا آپریشن ہوا ہے اور وہ زیر علاج ہیں۔