کرونا وائرس: عمران خان کا ٹیسٹ منفی، پاکستان میں مزید کیسز

  • بدھ 22 / اپریل / 2020
  • 6380

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ انہوں نے چند روز قبل ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ گزشتہ روز ان کا کورونا ٹیس مثبت آنے کے بعد آج وزیر اعظم کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا۔

اس دوران پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 17 اموات ہوئی ہیں۔  کیسز کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد  212 ہوچکی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 25 لاکھ 80 ہزار اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

آج پاکستان میں مزید کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس دوران ایسے افراد بھی دوبارہ وائرس کا شکار ہوئے ہیں جو ایک بار اس کے حملہ سے صحتیاب ہوچکے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا ہے کہ کورونا وائرس گنجان علاقوں اور ان آبادیوں میں پھیل رہا ہے جہاں لوگ سماجی فاصلے کا خیال نہیں کرتے۔  لہٰذا ہمیں احتیاط کرنا ہوگی۔

ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 2097 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر ٹیسٹ کی تعداد 30 ہزار 346 ہوچکی ہے۔ صوبے میں مزید 320 نئے کیسز مثبت آئے جس کے ساتھ ہی مجموعی مثبت کیسز کی تعداد 3 ہزار 373 ہوچکی ہے۔  اب مقامی طورپر وائرس منتقلی کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم لاک ڈاؤن میں نرمی کی بات کر رہے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم اس وائرس کو زیادہ پھیلائیں۔ ہمیں خیال رکھنا ہوگا، ابھی تک لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلے کا فائدہ ہوا ہے۔ اسے ضائع نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لاک ڈاؤن کو ختم کردیں گے تو وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے قیمتی جانیں بچانی ہیں تو احتیاطی تدابیر پر کام کرنا پڑے گا۔ امید ہے عوام اس پر عمل کریں گے کیونکہ آپ کے ساتھ مل کر ہی اس وائرس سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔