امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد پچاس ہزار ہوگئی

  • جمعہ 24 / اپریل / 2020
  • 3860

دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 27 لاکھ 21 اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 91ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ پاکستان میں یہ تعداد 11 ہزار 513 ہے۔ وائرس سے  240 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ایک طرف کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے تو دوسری طرف ماہ مقدس رمضان المبارک کا بھی 25 اپریل سے آغاز ہورہا ہے۔ اس ماہ کی مناسبت سے مساجد میں باجماعت نماز سے متعلق ایک طریقہ کار بھی بنایا گیا ہے۔ البتہ ڈاکٹرز نے درخواست کی ہے کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔  سندھ اور پنجاب کے ڈاکٹرز نے خبردار کیا ہے کہ آنے والا ماہ  اس وائرس کے لیے بہت خطرناک ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹرز نے کہا کہ حکومت اور علما کو مساجد میں باجماعت نماز سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے اس وقت سخت لاک ڈاؤن کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹروں کی رائے کے بعد سندھ حکومت نے مساجد مین نماز تراویح کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

امریکا میں کورونا سے اموات کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور ترکی میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔ گوکہ امریکا میں گزشتہ چند ہفتوں کے مقابلے میں وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے لیکن اموات کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 86 ہزار 709 ہوگئی ہے جن میں سے 85 ہزار 822 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ امریکا میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار 243 ہوگئی ہے جبکہ زیر علاج 7 لاکھ 50 ہزار 544 افراد میں سے 14 ہزار 997 کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔

نیویارک، امریکا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست ہے جہاں کیسز اور اموات کی شرح دنیا کے اکثر ممالک سے بھی زیادہ ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق نیویارک میں اب تک 2 لاکھ 68 ہزار 581 متاثرین ہیں جبکہ 20 ہزار 861 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں افریقہ اور ایشیائی برادری کے افراد کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

امریکی ریاست نیو جرسی میں بھی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 25 تک پہنچ گئی ہے تاہم اموات کی شرح نیویارک کے مقابلے میں کم ہے۔ مشی گن اور میسچیوسٹس میں بھی ہلاکتیں 2 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔ امریکا کی دیگر ریاستیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں جہاں ہزاروں کیسز کے علاوہ ہلاکتوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔

ترکی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ ورلڈ میٹرز کے مطابق مزید ہزاروں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ترکی میں کورونا وائرس کیسزکی مجموعی تعداد ایک لاکھ 790 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز ترکی میں 3 ہزار 116 نئے کیسز اور 115 اموات کی تصدیق کی گئی تھی۔

ترکی میں اب تک 2 ہزار 491 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ایک ہزار 816 افراد کی حالت بھی انتہائی خراب بتائی جارہی ہے۔ صحت یاب ہونے والے متاثرین کی تعداد 18 ہزار 491 ہے جبکہ 80 ہزار 808 افراد اس وقت وائرس کا شکار ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کی کیسز کی مجموعی تعداد 27 لاکھ 33 ہزار 503 تک پہنچ گئی جبکہ ایک لاکھ 91 ہزار 176 اموات کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ کورونا وائرس کے صحت یاب ہونے والے متاثرین کی تعداد بھی  7 لاکھ 51 ہزار 276 ہوئی ہے۔