ٹرمپ کی کورونا کے خلاف دھوپ، جراثیم کش انجکشن کی تجویز

  • جمعہ 24 / اپریل / 2020
  • 3980

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے خطرات کو کم کرنے کے لیے دھوپ اور جراثیم کش انجکشن کے استعمال سمیت کئی تجاویز دی ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے ان تجاویز کو مثبت قدم کے طور پر پیش کیا ہے۔

خبرایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق مختلف ریاستوں سے لاک ڈاؤن کے خاتمے کی حمایت کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جراثیم کش انجکشن سے کورونا وائرس سے نجات میں مدد مل سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ہونے والی ریسرچ میں گرمی اور بہار کے موسم میں درجہ حرارت اور نمی میں اضافے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد کے امکانات سامنے نہیں آئے۔

وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ولیم برائن کا کہنا تھا کہ نئی ریسرچ کے نتائج سامنے آرہے ہیں جس میں سورج کی روشنی کورونا وائرس کو ختم کرنے میں مضبوط اثرات چھوڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اسی طرح کے اثرات درجہ حرارت اور نمی میں بھی ہیں۔

برائن نے کہا کہ میری لینڈ میں ایک لیبارٹری فروری سے کورونا وائرس پر ٹیسٹ کررہی ہے۔ درجہ حرارت اورنمی کے اضافے سے کورونا وائرس تیزی سے مر جاتا ہے۔  تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سورج کی روشنی اور دھوپ سے آنے والے نتائج سماجی فاصلے کی تدابیر کا نعم البدل نہیں ہیں۔

قبل ازیں امریکی صدر نے کہا تھا کہ لوگوں کو یہ سمجھانا مشکل ہوتا ہے کہ باہر دھوپ میں جائیں گے تو محفوظ ہوں گے اسی لیے فلوریڈا میں کئی اموات ہوئیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ 'مجھے امید ہے کہ عوام سورج سے محظوظ ہوں گے اور اگر اس کا کوئی اثر ہے تو بڑی بات ہوگی'۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تجویز ایک شان دار آدمی اور بہترین لیبارٹری کی طرف سے دی گئی ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ 'میں یہاں تجاویز دینے کے لیے موجود ہوں کیونکہ ہم اس وبا سے چھٹکارا پانے کے لیے منصوبے بنانا چاہتے ہیں اور اگر دھوپ اور سورج کی روشنی اچھی ہے تو میری حد تک یہ ایک عظیم چیز ہے'۔

تجاویز پیش کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ تحقیق کار وائرس پر جراثیم ادویات کے اثرات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور اگر لوگوں کے لیے انجکشن تیار کرلیا گیا تو پھر یہ قابل تحسین ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وائرس سے پھیپھڑے پر برے اثرات پڑتے ہیں۔ اس حوالے سے نتائج بھی دلچسپی کے حامل ہوں گے۔

تاہم وائٹ ہاؤس کے عہدیدار برائن کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کوئی بات زیر غور نہیں ہے۔  خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ تباہی مچادی جہاں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 86 ہزار 709 ہوگئی ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار 243 ہوگئی ہے۔

گزشتہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی ریاستوں میں سخت لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی تائد کی تھی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ 'مینیسوٹا کو آزاد کرو، مشی گن کو آزاد کرو اور ورجینیا کو آزاد کرو'۔

امریکا کی مختلف ریاستوں میں لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ سخت معاشی پابندیوں سے نقصان ہو رہا ہے لیکن صحت سے متعلق حکام نے خبردار کردیا ہے کہ پابندیاں ختم کرنے سے وائرس تیزی سے پھیل جائے گا۔