بھارتی فوجی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کا سخت نوٹس لیا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
- جمعہ 24 / اپریل / 2020
- 4370
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بابر افتخار نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارتی فوجی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کا سخت نوٹس لیا ہے۔
راولپنڈی میں پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج جی ایچ کیو میں آرمی چیف کی زیر صدارت پی ایس اوز کانفرنس ہوئی، جس میں افواج پاکستان کی ملک کے طول و عرض میں کی گئی تعیناتیاں اور اس حوالے سے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مستقبل کی حکمت عملی اور ہر قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات بھی اس کانفرنس میں زیر غور آئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے عوام کو رمضان المبارک کی آمد کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ رمضان رحمتوں، برکتوں اور اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرنے کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ ہمیں صبر، شکر، برداشت اور مقررہ حدود میں رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ اس بابرکت مہینے کے توسط سے اللہ تعالیٰ کورونا کی اس وبا سے پاکستان اور پوری دنیا کو نجات دے۔
انہوں نے بتایا کہ آج کی بریفنگ کا مقصد آرمی چیف کی سربراہی میں ہونے والی اسپیشل پی ایس او کانفرنس کے نکات سے آگاہی، لائن آف کنٹرول پر بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور جھوٹے پروپیگینڈے کے تناظر میں کچھ حقائق اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے اب تک کی صورتحال میں افواج پاکستان کی سول ایڈمنسٹریشن کی معاونت سے آگاہ کرنا تھا۔
ڈٰی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نےرمضان میں سول اداروں کے ساتھ تمام وسائل بروئے کار لانےکی ہدایت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی میں گزشتہ کچھ عرصے میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ اس سال اب تک بھارت نے ساڑھے 8 سو مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور جان بوجھ کر لائن آف کنٹرول کے ساتھ آباد آزاد کشمیر کے پرامن شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تشخیص سے لے کر اب تک 456 مرتبہ بھارت نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے جس میں ایک شیر خوار بچہ شہید اور 31 لوگ زخمی ہوئے جن میں 7 خواتین اور 8 بچے بھی شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کی ملٹری قیادت نے اپنی روش کے عین مطابق بھارتی میڈٰیا کو استعمال کرتے ہوئے جھوٹے اور مضحکہ خیز بیانات کی ناکام کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیان بھارت کی اندرونی ناکامیوں اور بڑھتی ہوئی فرسٹریشن کو ظاہر کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کووڈ-19 کے خلاف متحد ہورہی ہے اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پوری دنیا سے ہر قسم کی جنگ بندی کی اپیل کی ہے، بدقسمتی سے آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے تمام بین الاقوامی قوانین اور اقدار کو پامال کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ بھارت ہندوتوا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ظلم، بربریت اور نفرت کی جو آگ مقبوضہ کشمیرمیں لگائی تھی، اب وہ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبا ہے جس سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے۔ کوئی بھی وبا رنگ، نسل، قومیت یا مذہب سے مبرا ہوتی ہے۔ اس وبا کو اسلام اور مسلمانوں سے جوڑنے کی مذموم کوشش بری طرح ناکام ہوگئی اور اس کی مذمت پوری دنیا نے کی۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 سے متعلق آزاد جموں کشمیر کے حوالے سے بھارت نے جو جعلی خبریں چلانے کی کوشش کی اس کی حقیقت بھی دنیا کے سامنے کھل چکی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے کم کیسز آزاد کشمیر میں ہیں اور ابھی تک وہاں کووڈ-19 سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی، اس دوران 31 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔