کورونا وائرس: ملک میں 12 ہزار سے زائد افراد متاثر، جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع
- ہفتہ 25 / اپریل / 2020
- 4620
دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد 28 لاکھ 81 ہزار اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 97 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 32 جبکہ اموات 251 تک پہنچ چکی ہیں۔
ملک میں اس مہلک وبا کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیے گئے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود اس وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔ حکومت نے اس وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک گیر جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع بھی کردی ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹرز نے مئی کے مہینے میں کورونا وائرس کے شدید خطرے سے خبردار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اس وقت سخت لاک ڈاؤن کیا جائے ورنہ اسے سنبھالنا مشکل ہوجائے گا۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں مریضوں کی تعداد 9 لاکھ ہوگئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 51 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ اٹلی، اسپین اور فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد کم جبکہ کینیڈا اور آئرلینڈ میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ امریکہ کی طرح برطانیہ میں وبا کا عروج برقرار ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق جمعے کو 210 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 28 لاکھ اور ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں 768، اٹلی میں 420، فرانس میں 389، اسپین میں 367، آئرلینڈ میں 220، بیلجیم میں 189، کینیڈا میں 147، سویڈن میں 131، نیدرلینڈز میں 112 اور ترکی میں 109 مریض دم توڑ گئے۔ میکسیکو میں 99، برازیل میں 94، ایران میں 93، جرمنی میں 78، پرو میں 62، روس میں 60، بھارت میں 59 افراد ہلاک ہوئے۔
اٹلی میں اموات کی مجموعی تعداد 25969، اسپین میں 22524، فرانس میں 22245، برطانیہ میں 19506، بیلجیم میں 6679، جرمنی میں 5653، ایران میں 5574، چین میں 4632 اور نیدرلینڈز میں 4289 ہے۔ برازیل میں 3407، ترکی میں 2600، کینیڈا میں 2294، سویڈن میں 2152، سوئزرلینڈ میں 1578، میکسیکو میں 1069 اور آئرلینڈ میں 1014 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔