شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، 2 جوان شہید

  • اتوار 26 / اپریل / 2020
  • 5990

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے جبکہ 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی  کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں خیسورہ اور ڈوسالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ علاقے میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔

کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید اور 5 زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں شہادت پانے والے جوانوں میں 29 سالہ لانس نائیک عبدالوحید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع مظفر آباد کے گاؤں راج کنڈی سے تھا۔ لانس نائیک عبدالوحید کے 3 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

شہید ہونے والے دوسرے سپاہی سکم داد کا تعلق ایبٹ آباد کی چھانگلہ گلی کے گاؤں بندی اعوان سے تھا اور 33 سالہ سپاہی کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ اس سے قبل شمالی وزیرستان میں ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تحصیل دتہ خیل میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 4 جوان شہید ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے 7 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا۔

انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی اہلکار دتہ خیل کے علاقے طوطناری میں گشت کررہے تھے کہ اچانک دہشت گردوں کی فائرنگ کی زد میں آگئے اور اسی دوران مقابلے میں 7 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے کارروائی شروع کردی۔  خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں 10 اپریل کو تحصیل میر علی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ذکر خیل کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور ایک دہشت گرد گروہ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایک عہدیدار نے بتایا تھا کہ 3 سے 4 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے۔ فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب سیکیورٹی فورسز علاقے میں پیٹرولنگ کر رہی تھیں۔

اس سے قبل 8 اپریل کو بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں 18 مارچ کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت 4 جوان شہید ہوگئے جبکہ 7 دہشت گردوں کو بھی مار دیا گیا تھا۔