چھوٹے کاروبار پر امدادی پیکج: 3 ماہ کے بجلی معاف کرنے کا اعلان

  • سوموار 27 / اپریل / 2020
  • 6140

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے چھوٹے تاجروں کے لیے 50 ارب روپے کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ ملازمت سے نکالے جانے والے افراد اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے 75 ارب روپے کے پیکج دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ایک اور اہم پیکج کی منظوری دی ہے جس سے پورے پاکستان میں 35 لاکھ کاروبار مستفید ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پیکج کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ چھوٹے تاجر جب بھی اپنے کاروبار کا سلسلہ دوبارہ شروع کریں تو ان کے اگلے 3 ماہ کا بل حکومت پاکستان ادا کرے گی۔

حماد اظہر نے کہا کہ اس پروگرام  کے تحت جن لوگوں اور کمپنیوں کا 5 کلو واٹ تک کا کمرشل کنیکشن ہے یا 70 کلو واٹ صنعتی کنیکشن رکھنے والے اس پالیسی سے مستفید ہوں گے۔  بجلی کے بل کا تخمینہ گزشتہ برس مئی، جون اور جولائی کے مہینے میں بجلی کے مساوی بل کی رقم بل میں شامل کردی جائے گی۔ تاکہ بجلی استعمال ہونے پر بل ادا نہ کرنا پڑے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 32 لاکھ کمرشل کنیکشنز اور ساڑھے 3 سے 4 لاکھ چھوٹے تاجر اس پیکج سے مستفید ہوسکیں گے۔

اس پیکج کا حجم 50 ارب روپے ہے جو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی لاگو ہے، اس پیکج سے کراچی کی صنعتیں بھی مستفید ہوں گی۔  انہوں نے کہا بندشوں کی وجہ سے چھوٹے کاروبار کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔ اس اسکیم کے ذریعے چھوٹی دکانیں، مارکیٹیں اور چھوٹی صنعتیں مستفید ہوں گی۔

وفاقی وزیر صنعت نے کہا کہ مزدور کے احساس اور وزیراعظم کا چھوٹا کاروبار امدادی پیکج نافذالعمل ہونے کے بعد چھوٹے کاروباری افراد کو بلاضمانت قرض دینے کی اسکیم لائی جائے گی۔ جو افراد کورونا وائرس کی وجہ سے ملازمت سے محروم ہوگئے ہیں، دیہاڑی دار مزدور جن کی آمدن ختم ہوگئی اور وہ مزدور جو اب اپنی مزدوری پر نہیں جاسکتے ان کے لیے 75 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔