صنعتی شعبہ اگلے ماہ کھول رہے ہیں: عبدالرزاق داؤد

  • بدھ 29 / اپریل / 2020
  • 5280

وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے آئندہ ماہ صنعتی شعبے پر لاک ڈاؤن کی پابندی کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ تاکہ ملک کے ایکسپورٹرز بیرون ملک سے آرڈر لے سکیں۔

اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتِ حال میں نئے مواقع کے پیشِ نظر حکمت عملی بنا رہی ہے۔ جس کے تحت مئی میں ملکی برآمدی صنعت کو کھول دیا جائے گا۔ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت یکسر بدل کر رہ گئی ہے اور اب نئی اشیا کی طلب سے برآمدی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورتِ حال میں عالمی لاک ڈاؤن کے باوجود پاکستان کو ٹیکسٹائل، آئی ٹی، خدمات، طبی آلات اور فارما سیوٹیکل کے شعبے میں نئے آرڈرز مل رہے ہیں۔ پاکستان نے حالیہ لاک ڈاؤن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خدمات کے شعبوں کو کھلا رکھا ہے۔ جس کی وجہ سے دنیا ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔ اُن کے بقول "بھارت اور فلپائن میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ ہم نے مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا خاص طور پر آئی ٹی سیکٹر، اس لیے دنیا اب متبادل کے طور پر پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔"

مشیر تجارت نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد ماسکس کی برآمد شروع ہوگئی ہے جب کہ سینیٹائزر کی برآمد بھی جلد شروع ہوجائے گی۔ اس سوال پر کہ کیا ماسکس اور سینیٹائزر کی بیرون پاکستان فروخت سے ملک میں اس کی قلت تو پیدا نہیں ہوجائے گی؟ اس کے جواب میں مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ہماری پیداوار کی گنجائش بہت ہے اور فی الحال این 95 اور سرجیکل ماسک برآمد نہیں کررہے بلکہ صرف کاٹن ماسکس ہی دیگر ممالک میں بھیج رہے ہیں۔

مختلف ممالک کی جانب سے ہائیڈرو کلورکین کی فراہمی کی درخواست پر جرمنی اور ترکی کو خام میٹریل جب کہ سعودی عرب کو دس لاکھ ٹیبلیٹس برآمد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کلورکین ملکی ضرورت سے زائد مقدار میں دستیاب ہے۔ خیال رہے کہ کلورکین ملیریا کے مرض میں مبتلا مریضوں کو دی جاتی ہے۔ لیکن کورونا وائرس کے مریضوں کو بھی طبی ماہرین یہ دوا دے رہے ہیں۔

مشیر تجارت نے بتایا کہ عالمی لاک ڈاؤن کے باعث ملکی برآمدات میں رواں ماہ 50 فی صد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ اس حساب سے اندازہ ہے کہ رواں مالی سال ملکی برآمدات کا ہدف 25 ارب ڈالر سے کم ہوکر 21 یا 22 ارب ڈالر حاصل ہوجائے گا۔ عالمی وبا کے باعث ملکی برآمدات کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر میں بھی خاصی کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ درآمدات میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گراوٹ کے سبب جاری خسارے (کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسٹ) پر زیادہ اثر نہیں ہو گا۔

مشیر تجارت کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت کو بڑا دھچکا لگا ہے اور ابتدائی اندازے کے مطابق مالی سال کے اختتام پر قومی پیداوار یعنی جی ڈی پی منفی پر جاسکتی ہے۔  کورونا وائرس کے معیشت پر پڑنے والے مجموعی اثرات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ البتہ ابتدائی اندازے کے مطابق رواں مالی سال ملکی جی ڈی پی آدھا سے منفی آدھا (0.5 سے منفی 0.5 ) کے درمیان رہے گا۔

مشیر تجارت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ واشنگٹن کے دوران امریکی قیادت سے 'ایڈ نہیں ٹریڈ' یعنی مالی امداد کے بجائے تجارت کی بات کی جس پر امریکی حکومت نے پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈیوں تک رسائی اور دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم  امریکہ کے ساتھ تجارت کے فروغ کے حوالے سے جس تیزی سے معاملات آگے بڑھنے چاہیے تھے، ویسا نہیں ہو سکا۔

عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ امریکی سیکرٹری تجارت ولبر راس کے حالیہ دورہ پاکستان پر یہ طے ہوگیا کہ تجارت کے فروغ کے لیے کن کن شعبوں پر توجہ دینی ہے۔ پاکستان نے پہلا مطالبہ یہ کیا ہے کہ سفری پابندیاں ختم کی جائیں کیوں کہ لوگ آئیں گے تو ہی تجارت بڑھ سکے گی۔ مشیر تجارت کہتے ہیں کہ انہوں نے امریکہ سے عالمی برینڈز اور کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے دفاتر کھولنے پر زور دیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان چاہتا ہے کہ ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خدمات کے شعبوں میں بھی اسے رسائی دی جائے۔ ان معاملات پر مثبت پیش رفت جاری تھی کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث یہ امور پس پشت چلے گئے۔

مشیر تجارت کا کہنا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر پاکستان کو بعض تحفظات ہیں تاہم ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں توسیع کے لیے افغان حکومت سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں پاکستان نے اپنے تحفظات سے کابل کو آگاہ کردیا ہے جس پر آئندہ دنوں میں باقاعدہ مذاکرات کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق معاہدہ اکتوبر 2010 میں ہوا تھا جس کے تحت (لینڈ لاک) یعنی چاروں طرف خشکی سے گھرے ہوئے افغانستان کو دنیا کے دوسرے ممالک کے ساتھ تجارت کے لیے پاکستان کی بندرگاہ تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ دس سالہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی مدت رواں سال جون میں ختم ہو رہی ہے۔

عبدالرزاق داؤد کہتے ہیں کہ "اصل مسئلہ یہ ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے جو مال افغانستان جاتا ہے وہ وہاں سے سمگل ہو کہ پاکستان آ جاتا ہے جس سے ہماری صنعت کو بہت نقصان پہنچتا ہے۔" انہوں نے کہا کہ افغان حکومت سے کہا ہے کہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق اشیا درآمد کرنے کا طریقہ کار وضع کریں تاکہ وہ سمگل ہو کہ پاکستان نہ آ سکیں۔ مشیر تجارت نے بتایا کہ اس حوالے سے ہمسائیہ ملک کے ساتھ بات چیت جون سے پہلے مکمل کرلی جائے گی۔

پاکستان کی حکومت نے حال ہی میں کراچی کی بندرگاہ کے علاوہ جنوب میں واقع گوادر پورٹ کو بھی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ حکومت  براہ راست اور انکم ٹیکس کے بجائے کسٹم سے متعلقہ محصولات میں اضافے پر غور کر رہی ہے۔ پاکستان میں غیر روایتی کاروبار بہت وسیع ہے جسے ٹیکس کے دھارے میں لانا اصل چیلنج ہے۔

مشیر تجارت نے بتایا کہ آمدہ بجٹ کے حوالے سے ایکسپورٹ ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی اور نہ ہی ٹیکس اسلیب میں اضافہ کیا جائے گا۔