پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد بیس ہزار تک پہنچ گئی

  • اتوار 03 / مئ / 2020
  • 3960

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔  گزشتہ چوبیس گھنٹے میں نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 19854 ہوگئی  ہے جبکہ اموات 446 تک پہنچ چکی ہیں۔

اس وقت دنیا میں 34 لاکھ 45 ہزار افارد کورونا سے متاثر ہیں جبکہ 2 لاکھ 44 ہزار ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارت میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 39980 ہو گئی ہے جب کہ ہلاکتیں 1323 کے لگ بھگ ہیں۔ امریکہ میں مصدقہ کیسز کی تعداد 11لاکھ 60ہزار سے متجاوز ہے جب کہ حکام نے 67ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اٹلی میں 28ہزار 7سو، برطانیہ میں 28ہزار، اسپین میں 25ہزار، فرانس میں 24ہزار، بیلجیم میں 7ہزار جب کہ جرمنی میں 6ہزار افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے انتظامیہ نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی ہے۔ پہلے کسی بھی علاقے میں وبا کے اندیشے کے باعث گلیوں کو بند کیا جا رہا تھا۔ اب گھروں کے باہر بھی پر نوٹس چسپاں کیے جا رہے ہیں۔ جس میں لوگوں کو وبا کے حوالے سے متنبہ کیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 989 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد بیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے اور مزید 23 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد  446 ہو گئی ہے۔

حکام کی جانب سے ملک بھر میں وبا کی تصدیق کے لیے ٹیسٹس میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے۔ اب تک ملک بھر میں دو لاکھ سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8700 سے زائد ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اب تک وبا سے 4817 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

پاکستان میں پنجاب اور سندھ میں وبا کے بہت زیادہ کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ پنجاب میں 7106 جب کہ سندھ میں 7102 افراد میں وبا کی تصدیق ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں 2907، بلوچستان میں 1172، اسلام آباد میں 393، گکلگت بلتستان میں 356 جب کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 67 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔