پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد پانچ سو سے بڑھ گئی
- منگل 05 / مئ / 2020
- 4550
کورونا وائرس سے دنیا میں اب تک 36 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور2 لاکھ 52 ہزارہلاک ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 21838 ہوچکی ہے جبکہ 505 افراد اس وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔
حکومت کی جانب سے اس وبا پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جس میں جزوی لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں شامل ہیں تاکہ لوگ ایک دوسرے سے میل جول سے اجتناب کریں اور وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔ اس کے باوجود ملک میں عوام کی بڑی تعداد اب تک اس وائرس سے متاثر ہوچکی ہے اور ان کیسز میں ایک بڑی تعداد مقامی طور پر منتقلی کے کیسز کی ہے۔
یورپ میں برطانیہ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات والا ملک بن گیا ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں اموات 32 ہزار سے تجاوز کرگئیں۔
برطانیہ کے قومی شماریات کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں 7 ہزار اموات کا اضافہ ہوا جس کے بعد وہاں مجموعی اموات 32 ہزار 313 ہوگئیں۔ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کورونا وائرس سے برطانیہ میں مرنے والوں کی اصل تعداد اس سے زیادہ ہوسکتی ہے۔
چین کے شہر ووہان سے گزشتہ سال دسمبر میں شروع ہونے والا نوول کورونا وائرس دنیا بھر کے 185 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔
اگرچہ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر امریکا ہے اور اموات کی تعداد بھی وہاں سب سے زیادہ ہے تاہم یورپ میں بھی بری طرح اس وائرس کے اثرات سامنے آئے ہیں۔ یورپ میں برطانیہ کے بعد اٹلی، اسپین سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہیں۔