کورونا وائرس: ملک میں مزید 40 اموات، متاثرین کی تعداد 24 ہزار 648 ہوگئی
- جمعرات 07 / مئ / 2020
- 5220
کورونا وائرس سے پاکستان 24 ہزار 648 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔ جبکہ 585 افراد زندگی جاں بحق ہوئے ہیں۔ دنیا میں 37 لاکھ 75 ہزار افراد مین کورونا وائرس پایا گیا ہے جبکہ دو لاکھ 64 ہزار افارد اس مرض کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ صوبے میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3712 ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 213 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبے میں کورونا کے باعث مرنے والوں کی تعداد ملک بھر میں سب سے زیادہ 203 ہے۔
وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے پر کام ہو رہا ہے۔ اُن کے بقول ابتداً صرف 20 ٹیسٹ کیے جا رہے تھے۔ لیکن اب روزانہ 1500 ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے مختلف اسپتالوں میں اب تک 150 سے زیادہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
پاکستان کے صوبے سندھ میں کرونا وائرس سے ایک ہی روز میں 14 ریکارڈ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس سے قبل صوبے میں 29 اپریل کو زیادہ سے زیادہ 12 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔ اسی دوران صوبہ سندھ میں مزید 453 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد نو ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے غریب ممالک کو اربوں ڈالر کی مزید امداد پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اسنانی بھلائی کے ادارے کا کہنا ہے کہ یہ امداد کروڑوں انسانوں کی جانیں بچانے اور غریب ممالک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
ادارے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غریب ممالک میں کورونا وائرس کے اثرات انتہا تک پہنچنے میں تین سے چھ ماہ تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ تاہم ان ممالک میں لوگوں کا روزگار اور ان کی آمدن ختم ہو گئی ہے اور وہاں خوراک کی فراہمی وسیع پیمانے پر کم ہو رہی ہے۔ بچوں کو مختلف امراض کے خلاف ویکسین دینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ نے اس سے قبل دو ارب ڈالر کی ہنگامی امداد کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم جمعرات کو ادارے کا کہنا تھا کہ اب اس کام کے لیے چھ ارب 70 کروڑ ڈالرز کی ضرورت ہے۔ امداد میں میں اضافے کا یہ نیا مطالبہ موجودہ صورتِ حال سے شدید طور پر متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان، فلپائن، جیبوتی، لائبیریا، موذمبیق، سیرا لیون، ٹوگو اور زمبابوے سمیت نو ملکوں کو شامل کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔
دوسری طرف افغانستان کی وزارتِ صحت نے ملک کے 13 صوبوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 171 کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 3563 ہو گئی ہے۔ نائب وزیر صحت ڈاکٹر واحداللہ مجروح نے کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 106 بتائی ہے۔