امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 77 ہزار سے بڑھ گئی

  • ہفتہ 09 / مئ / 2020
  • 3280

امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 77 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے 12 لاکھ 83 ہزار سے زائد مصدقہ کیس ہیں۔ امریکی نائب صدر کی پریس سیکرٹری کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

 

امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سے ایک روز قبل وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار میں وائرس کی تصدیق کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔  وائٹ ہاؤس کے اہلکاروں میں پے درپے وائرس کی تصدیق کے بعد وائٹ ہاؤس میں کورونا سے بچاؤ کے انتظامات پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سیکریٹری ملر اُن کے ساتھ رابطے میں نہیں تھیں، البتہ وہ نائب صدر سے ملتی رہی ہیں۔ اور وہ نائب صدر سے اس دوران ملتے رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں وائرس کے پھیلاؤ پر فکر مند نہیں ہیں۔ البتہ حکام نے وائٹ ہاؤس میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔

کیٹی ملر صدر ٹرمپ کے قریبی مشیر اسٹیفن ملر کی اہلیہ ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے یا نہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو کورونا سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ٹیسٹ مثبت آنے سے ایک روز قبل کیٹی ملر کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ صدر ٹرمپ کا اس پر کہنا تھا کہ "یہی وجہ ہے کہ میں کہتا ہوں کہ ٹیسٹنگ کا تصور مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہے۔ کیٹی کے بارے میں کہا گیا کہ اُن میں کورونا نہیں ہے، لیکن پھر اچانک اُن کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔"

اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں تعینات امریکی فوجی اہلکار کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کا کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جو منفی آئے تھے۔ وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف مارک میڈوز کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس محفوظ ترین جگہ ہے،  پھر بھی وہ صدر اور نائب صدر کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے مزید حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں۔ یہ اقدامات  وائٹ ہاؤس کے پورے اسٹاف کے لیے ہیں۔