پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے
- سوموار 11 / مئ / 2020
- 4130
پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آج مزید نئے کیسز کے بعد اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 31684 ہوگئی ہے جبکہ 690 افراد وائرس سے لقمہ اجل بنے ہیں۔
سرکاری سطح پر بتائے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1268 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ دنیا میں اس وقت کورونا وائرس کا شکار لوگوں کی تعداد 41 لاکھ اور مرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ 83ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
افغانستان کی وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 285 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔ افغانستان میں اب کورونا مریضوں کی تعداد 4687 ہو گئی ہے۔ کابل میں دوسرے روز بھی کیسز کی تعداد میں باقی صوبوں کے مقابلے میں اضافہ ہوا اور کیسز کی تعداد 1257 ہو گئی۔
نائب وزیر صحت واحد اللہ مجروح نے اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد 122 بتائی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ افغانستان میں ابھی کورونا وائرس اپنی انتہا کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کے کچھ ارکان نے اسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے سے انکار کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے دو اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خدمت گار جب کہ دوسرے نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری ہیں۔ نائب صدر مائیک پینس کے ترجمان ڈیون اومیلی کا کہنا ہے کہ مائیک پینس کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے جو منفی آیا ہے۔ وہ آج سے اپنے فرائض دوبارہ سنبھال چکے ہیں۔ ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نائب صدر پینس قرنطینہ میں نہیں ہیں تاہم وہ وائٹ ہاؤس کے میڈیکل یونٹ کی تجاویز پر پوری طرح عمل کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ ترین طبی مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ تاہم انہوں نے سیلف آئی سولیشن میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔