کورونا وائرس سے عالمی معیشت کو 88 کھرب ڈالر تک خسارے کا امکان

  • جمعہ 15 / مئ / 2020
  • 4180

ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) کے مطابق کورونا وائرس کے نتیجے میں عالمی معیشت کو 58 کھرب ڈالر سے 88 کھرب ڈالر خسارے کا سامنا ہوسکتا ہے جو عالمی شرح نمو کے 6.4 سے 9.7 فیصد کے برابر ہوگا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ نئی رپورٹ میں ایشیا اور پیسیفک میں 3 ماہ میں وائرس کے پھیلاؤ کی صورت میں 17 کھرب ڈالر اور 6 ماہ کی صورت میں 25 کھرب ڈالر خسارے کا تخمینہ لگایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے ایشیا اور پیسیفک میں عالمی سطح کی مجموعی پیداوار کی 30 فیصد کمی واقع ہوگی۔

چین کو 11کھرب ڈالر سے 16 کھرب ڈالر کا خسارہ ہوسکتا ہے۔ نئے تجزیے میں 3 اپریل کو جاری کی گئی رپورٹ کے تجزیات کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جس میں عالمی خسارے کا تخمنیہ 20 کھرب ڈالر سے 41 کھرب ڈالر تک لگایا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کی حکومتیں عالمی وبا کے اثرات پر تیزی سے ردعمل دے رہی ہیں اور مالی آسانیوں، صحت پر اخراجات میں اضافہ اور آمدن اور ریونیو کے خسارے پر قابو پانے کے لیے براہ راست تعاون جیسے اقدامات کررہی ہیں۔

حکومتوں کی کوششیں ان اقدام پر مرکوز ہیں کہ کوورنا وائرس کے معاشی اثرات میں 30 سے 40 فیصد کمی کی جائے جس سے عالمی معاشی خسارہ 41 کھرب ڈالر سے 54 کھرب ڈالر تک کم ہوسکتا ہے۔

اے ڈی بی کے چیف اکنامسٹ یاسوکی سواڈا نے کہا ہے کہ نیا تجزیہ معیشت پر کورونا وائرس کے نمایاں اثرات کی وسیع تصویر کشی کرتا ہے۔ اس میں معیشتوں کو نقصان سے بچاؤ میں مدد کے لیے مداخلت کو اہم کہا گیا ہے۔ یاسوکی سواڈا نے کہا کہ رپورٹ کی مدد سے حکومتوں کو معیشتوں پر اس کے اثرات میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔