پاکستان میں مسافر ٹرینیں چلا دی گئیں، کورونا سے رکن پنجاب اسمبلی کا انتقال

  • بدھ 20 / مئ / 2020
  • 3960

پاکستان میں ایک روز میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 46 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس طرح ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 1003 ہوگئی ہے۔ پنجاب اسمبلی کی رکن شاہین رضا بھی کورونا اک شکار ہوکر انتقال کرگئیں۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1932 افراد میں وبا کی تشخیص کے بعد متاثرین کی تعداد 46 ہزار 915 ہوگئی ہے۔ تاہم لاک ڈاؤن مین نرمی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور  ملک میں دو ماہ بعد خصوصی مسافر  ٹرینیں بھی چلا دی گئی ہیں۔  پاکستان میں مزید 1932 افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی ہے۔ ملک بھر میں اب تک 414,254 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئیں۔ ساٹھ سالہ سالہ شاہین رضا کو علیل ہونے پر 17 مئی کو گوجرانوالہ کے سول ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم طبیعت بگڑنے پر 3 روز قبل گوجرانوالہ سے لاہور کے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

شاہیں رضا میو ہسپتال میں وینٹی لیٹرز پر زیر علاج تھیں جہاں وہ آج صبح اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ ان کا علاج کرنے والے معالجین نے بتایا کہ کہ مرحومہ کو ذیابیطس اور بلڈ پریشر کا عارضہ بھی لاحق تھا۔  مرحومہ نے کورونا مریضوں کےلیے قائم فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر مستحقین میں راشن بھی تقسیم کیا تھا۔

ان کے انتقال پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔ شاہین رضا 2018 میں ضلع گوجرانوالہ سے صوبائی اسمبلی میں خواتین کے لیے مخصوص نشست پر ایم پی اے منتخب ہوئی تھیں اور گزشتہ کئی سال سے پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ تھیں۔

ان کے انتقال پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سمیت صوبائی وزرا اور اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت کی دعا کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین رضا کی پارٹی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 49 لاکھ سے زائد، اموات تین لاکھ 24 ہزار تک پہنچ گئی ہیں۔ امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 15 لاکھ سے زائد، روس میں دو لاکھ 99 ہزار سے زیادہ ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے افریقہ کے لیے عالمی امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افریقی ممالک کو حفظان صحت کا نظام بہتر کرنے اور خوراک کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی مالی امداد کی اشد ضرورت ہوگی۔

ایک بیان میں افریقی ممالک کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے قرنطینہ اور سرحدیں بند کرنے کے سلسلے میں بر وقت اقدامات کیے جب کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے علاقائی تعاون پر انحصار کرتے ہوئے حکمت عملی وضع کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے افریقی ممالک کی ترقی کو خطرہ لاحق ہے۔ اس سے طویل عرصے سے جاری عدم مساوات، بڑھتی ہوئی بھوک و افلاس، خوراک کی کمی اور بیماریوں کے خطرات درپیش ہیں۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ افریقی ممالک سے اشیا کی مانگ، سیاحت اور رقوم کی ترسیل پہلے ہی کم ہو چکی ہے۔ تجارتی زون کے معاملات بھی متاثر ہوئے ہیں۔  یہ حقیقی خطرہ موجود ہے کہ بڑی تعداد میں شہری انتہائی غربت کا شکار ہو جائیں۔