پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 53 ہزار، اموات 1100 سے بڑھ گئیں

  • ہفتہ 23 / مئ / 2020
  • 4750

پاکستان میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 53 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اموات 1101 ہوگئی ہیں۔ دنیا میں باون لاکھ 35  ہزار افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 3 لاکھ 38ہزار ہلاک ہوچکے ہیں۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج  سہ پہر تکتک ملک میں مزید 821 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ گزشتہ روز (22 مئی کو) پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 516 کیسز سامنے آئے تھے اور 35 اموات ہوئی تھیں۔

ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری، 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے ساتھ ہی اس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور بعدازاں لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا تھا، جو بعد ازاں رواں ماہ کی 9 مئی نرم کردیا گیا تھا۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 1101 ہو گئی ہیں۔ اموات کی شرح 2.1 فی صد ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا سے متاثر ہونے والے 31.8 فی صد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکہ میں وبا کی شدت برقرار ہے اور مجموعی اموات 96 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ امریکہ میں روزمرہ زندگی کے معمولات شروع کرنے کے لیے لاک ڈاؤن میں نرمی کا سلسلہ جاری ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ براعظم جنوبی امریکہ وائرس کا نیا مرکز بن سکتا ہے جب کہ برازیل میں صورت حال زیادہ تشویش ناک ہے۔

برازیل میں ایک دن میں 20 ہزار نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی جب کہ اموات 21 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہیں۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دنیا بھر میں آٹھ کروڑ بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین نہیں دی جا سکی۔ افریقہ کے ایک درجن ممالک نے کہا ہے کہ وہاں بچوں میں دوبارہ پولیو وائرس دیکھا جا رہا ہے، جو اس سے قبل ختم ہو گیا تھا۔